کراچی: شہر قائد میں گزشتہ شب ہلکی بارش کے بعد خنکی میں اضافہ گیا تاہم آج صبح سویرے دھوپ نکل آئی جس سے مطلع صاف اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبہار، لسبیلہ، گارڈن، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، نمائش، صدر،آئی آئی چندریگرروڈ اور اطراف میں ہلکی بارش کے بعد خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ بارش کے باعث سردی کی لہر جاری رہنے کی توقع کی جا رہی تھی تاہم صبح سورج نے دھوپ پھیلا دی جس سے موسم کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور چھٹی کا دن شہریوں کےلئے خوشگوار ثابت ہوا۔ شہریوں کی بڑی تعداد صبح ہی سے ساحل سمیت مختلف مقامات پر موجود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب تک کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، اسلام آباد، کاکول اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔