زرداری کی نااہلی کےلئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن سندھ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری کو نااہل کیا جائے تاہم کمیشن نے درخواست واپس کردی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی، جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے مناسب فورم سے رجوع کرنے کا اعتراض لگا کر درخواست واپس کردی تھی۔ تحریک انصاف نے آج اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے اور آصف زرداری کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے سابق صدر زرداری، الیکشن کمیشن اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے اثاثے چھپائے اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے‘ لہٰذا حلقہ این اے 213 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے ایم این اے بننے کے اہل نہیں ہیں۔ درخواست میں آصف زرداری کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دینے کیا استدعا کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ آصف زرداری امریکا میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں جسے انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا تھا۔
 
 

شیئر: