Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمہوریت اور اٹھارہویں ترمیم کو کوئی خطرہ نہیں،شاہ محمود

ملتان...وزیرخارجہ شاہ محمو د قریشی نے کہا ہے کہ ہندمیں آنے والی حکومت ٹھیک ہوگی تو ہم بھی اس کےساتھ ٹھیک چلیں گے۔19فروری کو سعودی عرب کے ولی عہد پاکستان آ رہے ہیں،جہاں وہ ایک بہت بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے۔ داعش خطے کو غیر مستحکم کرسکتی ہے۔ القاعدہ اور داعش کے خلاف ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبہ نہ بنے۔تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے کو سیاست کی نظر نہیں ہونے دیگی۔ ملک میں جمہوریت، آئین اور اٹھارہویں ترمیم کو کوئی خطرہ نہیں۔پاکستان میں فیصلہ کن قوت صرف عوام ہیں اور وہ فیصلہ کرچکے ہیں ۔ ہفتہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہمارا ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں۔وہ اپنے معاملات پاکستان پر نہ ڈالے ۔ اگر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے میر واعظ عمر فاروق سے رابطہ کیا ہے تو اس میں ایسی کوئی بات نہیں۔ کشمیر ایک حل طلب مسئلہ ہے جسے اجاگر کرنے سے ہندخوامخواہ سیخ پا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند ماہ میں سفارتی سطح پر بے شمار کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔ یہ ہماری بھرپور سفارتی کامیابی ہے کہ وہ لوگ جو پاکستان کی بات سننا پسند نہیں کرتے تھے وہ اب ہم سے ملنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کل تک آپس میں دست و گریباں تھے آج ایک ہوگئے ۔انہوں نے کہاپیپلز پارٹی کہہ رہی ہے کہ ہماری کسی کے ساتھ ڈیل ہو رہی ہے۔ واضح الفاظ میں کہتا ہوںکہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی البتہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی ڈیل ہو رہی ہے وہ اپنی سیاسی بقاءکے چکر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلاول زرداری کو لانگ مارچ کی ضرورت نہیں۔ سندھ حکومت کو تحریک انصاف سے نہیں بلکہ اپنی ناقص حکمرانی اور بدعنوانی سے خطرہ ہے۔ 
 

شیئر: