Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آشیانہ ہاؤسنگ کیس: شہباز شریف پر فرد جرم

لاہور:  آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر فرد جرم 18 فروری کو عائد کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر عدالت نے شہباز شریف کے پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا اور آیندہ سماعت پر ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران احد چیمہ اور فواد حسن فواد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ اس موقع پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پولیس تو صرف چوکیدار ہے۔  ریاست جواب دے کہ شہباز شریف کو کس نے اسلام آباد میں رہنے کی اجازت دی۔  انہیں میڈیکل کی اجازت اس لیے نہیں دی کہ وہ عدالت میں پیش ہی نہ ہوں۔ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کو ریڑھ کی ہڈی کا مسئلہ ہے اور ڈاکٹروں نے طویل سفر سے منع کیا ہے جس پر عدالت نے کہا کیوں نہ اس ڈاکٹر ہی کو طلب کر کے رپورٹ کے متعلق پوچھا جائے۔ جج نے کہا کہ آج آشیانہ کیس میں فرد جرم عائد ہونی تھی جس پر شہباز شریف کے وکیل نے کہا عدالت کا آج فرد جرم عائد کرنے کا کوئی حکم نہیں تھا۔
بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ہر صورت شہباز شریف کو پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو پھر پیشی کا اوپر حکم دوں گا۔آئندہ سماعت پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔ شہباز شریف کو ہر صورت یہاں ہونا چاہیے اور ان کی پیشی پر کوئی عذر قابل قبول نہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 فروری تک ملتوی کردی۔
 

شیئر: