Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ جدہ شاہراہ پر جدید مذبح تیار ہوگا، میونسپلٹی

مکہ مکرمہ۔۔۔ مقدس شہر کی میونسپلٹی نے اعلان کیا ہے کہ مکہ جدہ قدیم شاہراہ پر حدود حرم میں جدید ترین مذبح تعمیر کیا جائے گا۔ یہ مذبح جون 2019ءمیں تیار ہوجائے گا۔ آئندہ حج موسم میں اس سے استفادہ ممکن ہوگا۔50 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا جائے گا۔ نجی شعبے کے تعاون سے یہ کام انجام دینے کا فیصلہ کیاگیا۔ سعودی ویژن 2030 ءسے ہم آہنگ اس منصوبے کی بدولت ضیوف الرحمان کو اس سے بڑی سہولت ہوگی۔ یہ شاہراہ کے قریب ہوگا ۔ مکہ مکرمہ اور زائرین وہاں آسانی سے آ جاسکیں گے۔ عالمی ماحولیاتی و صحت معیار کے عین مطابق ہوگا۔ یہاں ایک گھنٹے میں ایک ہزار بکرے اور ایک دن میں 100 گائے اور اونٹ ذبح کئے جاسکیں گے۔ جانور ذبح کرنے سے لے کر گوشت حوالے کرنے تک کی کارروائی میں صرف دس منٹ صرف ہونگے۔ جانوروں کے ڈاکٹر گوشت کا معائنہ بھی کریں گے اور ٹکڑے کرنے کا کام بھی دس منٹ کے اندر ہی انجام دیا جائے گا۔ نیا مذ بح دو حصوں میں منقسم ہوگا۔ پہلے حصے میں 92 سو مربع میٹر کے رقبے پر ذبیح کرنے کا انتظام ہوگا ۔ مذبوحہ جانوروں کے ٹکڑے کرنے کیلئے الیکٹرونک آلات نصب ہونگے۔ وہاں صفائی اور جراثیم کش ماحول بھی مہیا ہوگا۔ دوسرا حصہ 1300 مربع میٹر میں ہوگا یہاں فضلے سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے گا۔ مذبح کے ماتحت 150 مربع میٹر میں ایک مسجد تعمیر ہوگی جہاں 250 افراد بیک وقت نماز ادا کرسکیں گے۔ کیفے ٹیریا اور دکانیں بھی کھولی جائیں گی۔ سبزہ زار کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔ 
 

شیئر: