Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک، سعودی تعلقات سے عالمی امن مضبوط ہوگا، او آئی سی

 جدہ۔۔۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مستحکم تعلقات سے عالمی امن و سلامتی کو تقویت پہنچے گی اور دہشت گردی کے انسداد کا مشن مضبوط ہوگا۔ انہوں نے ولیعہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت او آئی سی کے دو اہم رکن ممالک کے باہمی تعلقات مستحکم ہونگے۔ دونوں میں مشترکہ تعاون کا دائرہ وسیع ہونے سے اسلامی جدوجہد کو تقویت پہنچے گی۔ العثیمین نے مختلف شعبوں خصوصاً معدنیات ، تجدد پذیر توانائی، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں ہونے والے زبردست معاہدوں کی تعریف کی۔ انہوں نے محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں نے افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اس کی بدولت پڑوسی ممالک میں موجود افغان پناہ گزیں اپنے وطن واپس ہوسکیں گے اور وہ اپنے یہاں پائیدار امن نیز ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لے سکیں گے۔ او آئی سی کی نظر میں یہ اعلامیہ قابل قدر ہے۔ دوسری جانب مسلم نوجوانوں کی عالمی تنظیم وامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صالح الوہیبی نے کہا کہ ولیعہد محمد بن سلمان کا دورہ ایشیاء سعودی ویژن 2030 کے اہداف کی تکمیل ، علاقائی و بین الاقوامی سطحوں پر سعودی عرب کے قائدانہ کردار کی تاکید ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے لے کر ہندوستان، انڈونیشیا، ملائیشیا اور چین کیلئے نوجوان قائد کے ایشیائی دورے ثابت کررہے ہیں کہ سعودی عرب مشرق و مغرب دونوں کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ایشیائی دورے کی بدولت اقتصادی و سرمایہ کاری شراکت کے تعلقات گہرے ہونگے۔

شیئر: