Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند، سعودی تعلقات 7 عشروں سے زیادہ پرانے ہیں، ابلاغی رپورٹ

نئی دہلی۔۔۔ سعودی عرب اور ہندوستان کے تعلقات 7 عشروں سے زیادہ عرصہ پر محیط ہیں ۔ دونوں ملک تمام شعبوں میں منفرد تعلقات استوار کئے ہوئے ہیں۔ ان میں اقتصادی تعلقات نہایت اہم ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے نے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ ہند کے موقع پر دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات پر ایک مفصل رپورٹ جاری کی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ قونصل خانے کی سطح پر دونوں ملکوں کے تعلقات 1947 ء میں شروع ہوئے۔ ممبئی میں مملکت نے قونصل جنرل تعینات کیا۔ 1955ءمیں سفارتخانے کی سطح کے تعلقات استوار ہوئے۔ پھر شاہ سعود بن عبدالعزیز نے ہندوستان کا اہم دورہ کرکے دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کو مستحکم کیا۔ دونوں عالمی اقتصاد اور خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے اہم ملک ہیں۔ دونوں جی 20 کے موثر ممبر ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے اپریل 2010ءمیں ریاض کے گورنر کی حیثیت سے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہیں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی تھی۔ 2014ءمیں انہوں نے ولیعہد کی حیثیت سے ہند کا دورہ کیا۔ ولیعہد محمد بن سلمان نے نومبر 2018ءمیں جی 20 میں شرکت کے موقع پر ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے باہمی تعلقات کو نئی جہت دی تھی۔

شیئر: