Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز

اسلام آباد ... حکومت پاکستان کی سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہوگیا۔ملک بھر میں 14 بینکوں کی مختلف برانچز سے حج درخواست فارم حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 6 مارچ مقرر ہے۔سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ کو ہوگی، جس میں خوش نصیبوں کا اعلان کیا جائے گا۔وزارت مذہبی امور کے مطابق اس سال حج درخواستیں نیشنل بینک، حبیب بینک لمیٹڈ، عسکری بینک، مسلم کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، الائیڈ بینک لمیٹڈ، فیصل بینک، حبیب میٹروپولیٹن بینک، دی بینک آف پنجاب، زرعی ترقیاتی بینک، بینک الفلاح، دبئی اسلامک بینک، میزان بینک اور بینک الحبیب سے وصول اور جمع کرائی جاسکیں گی۔اس کے علاوہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت درخواستیں منظور شدہ ٹور آپریٹرز سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔واضح رہے کہ رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 5سو 26 درخواستوں کو کامیاب قرار دیا جائے گا۔وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب سے حال ہی میں ملنے والے اضافی حج کوٹے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے۔رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت شمالی ریجن جس میں اسلام آباد، لاہور، پشاور، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان شامل ہیں حج پیکج 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے کا ہوگا جبکہ کراچی، کوئٹہ، سکھر و دیگر پر مشتمل جنوبی ریجن میں فی کس حج اخراجات4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے ہوں گے۔ اس پیکج میں قربانی کی رقم شامل نہیں، اس کے لئے 19 ہزار 451 روپے علیحدہ ادا کرنے ہوں گے۔واضح رہے کہ نئی حج پالیسی کے تحت 15 ستمبر 2017 کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کو بھی پیکج میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت شمالی حج پیکج میں بچوں کا 12 ہزار 910 روپے اور جنوبی حج پیکج میں 11 ہزار 910 روپے ہوں گے۔

شیئر: