Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب انڈیا جواب کا انتظار کرے ، سرپرائز دیں گے: پاکستانی فوج

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے انڈیا کو خبردارکیا ہے کہ پاکستان جارحیت کا جواب ضرور دے گا۔پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہم جواب دیں گے اور ہمارا جواب مختلف ہوگا، انڈیا کو سرپرائز دیں گے۔
منگل کوراولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فوجی ترجمان نے کہا کہ’ ’پاکستان میں 350 دہشت گردوں کی ہلاکت کے انڈین دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ پوری دنیا دیکھ سکتی ہے کہ انڈین طیارے علاقے میں ایک اینٹ کو بھی نقصان نہ پہنچا سکے۔‘‘
 
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ’ ’اگر یہ سچ ہوتا تو اس جگہ پر جنازے ہوتے ، خون ہوتا‘‘۔
انہوں نے بین الاقوامی میڈیا اور سفارتکاروں کو بالاکوٹ کے قریب جابہ کے مقام پرخود جا کر معائنہ کرنے کی دعوت دی تاکہ انڈیا کے دعووں کی حقیقت کھل سکے۔ پاکستان کی افواج انڈین جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار تھیں ،اگر زمینی حملہ ہوتا تو بھی مناسب جواب دیا جاتا۔ پاکستان فضائیہ کے طیارے فضائی نگرانی کےلیے ہوا میں موجودتھے۔ انڈیا کے طیاروں نےپہلے لاہور، سیالکوٹ سیکٹرسے داخل  ہونے کی کوشش کی مگر پاک فضائیہ کے طیاروں نے ان کو چیلنج کیا جس پر انہوں نے سرحد پار نہیں کی۔ 
انھوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد اوکاڑہ بہاولپور سیکٹر سے انڈین طیارے ریڈار پر آئے،جہاں پر پاک فضائیہ کے ایک اور یونٹ نے انہیں چیلنج کیا ، جس کے بعد مظفر آباد سیکٹر کےپاس انہوں نے لائن آف کنٹرول کوکراس کیا ۔  
فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ’ ’انڈین طیاروں کے آنے اور جانے سمیت 4منٹ تک پاکستانی حدود میں رہے۔ پاک فضائیہ کے چیلنج کرنے پر وہ کچھ کئے بغیر بھاگ کھڑے ہوئے البتہ پے لوڈ وہیں پھینک دیا جو جابہ کےمقام پرجا گرا۔‘‘
فوجی ترجمان کےمطابق انڈیا کے طیاروں نے کسی فوجی مورچے پر حملہ نہیں کیا ، اگر کیسا کرتے تو یقینا جواب دیاجاتا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کا مقصد پاکستان میں سویلین کونشانہ بنانا تھا تاکہ انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کیا جاسکے۔
 

شیئر: