Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چہرہ شناخت کرنیوالی اے ٹی ایم نصب کرنیکا ارادہ نہیں، ترجمان

ریاض۔۔۔ پن کوڈ کے بجائے چہرے سے شناخت کرنے والی اے ٹی ایم نصب کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔اس حوالے سے وسائل اطلاعات میں جو خبریں شائع ہوئی ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ یہ بات سعودی بینکنگ کمیٹی میں اطلاعات کے شعبے کے سربراہ طلعت حافظ نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی وسائل اطلاعات کے علاوہ سوشل میڈیا میں یہ خبرگردش کر رہی ہے بہت جلد سعودی بینک روایتی اے ٹی ایم کے بجائے جدید مشینیں نصب کرنے والے ہیں جن میں رقم نکالنے کے لئے پن کوڈ ڈالنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نئی مشینوں میں چہرے سے شناخت کے لئے جدید اسکینر ہوں گے۔ وسائل اطلاعات نے شوکارڈ نامی کمپنی کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی عرب میں جلد ہی اس طرح کی اے ٹی ایم نصب کی جائیں گی۔ اس سے قبل یہ آلات جاپان، تائیوان اور اسپین میں نصب کئے جاچکے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جدید مشین سے رقم نکالنے کیلئے کارڈ کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ چہرے کی شناخت سے جعلی کارڈ اور پن کوڈ چوری ہونے کے خطرات ختم ہوجائیں گے۔ علاوہ ازیں جدید آلات سے کئی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔ وسائل اطلاعات میں شائع ہونے والی خبر کے جواب میں سعودی بینکنگ کمیٹی کے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جدید اے ٹی ایم کی تنصیب کا کوئی ارادہ نہیں۔ اس طرح کے آلات کی تنصیب قبل از وقت ہے۔ سعودی بینکنگ سسٹم فی الحال معمول کے مطابق اے ٹی ایم سروس فراہم کر رہاہے ۔ بعد ازاں کوئی تبدیلی کی گئی تو مطلع کردیا جائے گا۔
 

شیئر: