Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوبل انعام،حکومت اپوزیشن سے رابطے کریگی

اسلام آباد...وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کی قرارداد کی حمایت کےلئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرینگے ۔ٹی وی انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ نوبل امن انعام کسی ایک جماعت یا فرد کےلئے نہیں بلکہ پاکستانی وزیراعظم کےلئے مانگ رہے ہیں ، جس طرح تمام سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے امن عمل کو سراہا اور ان کی پالیسیوں کی مکمل حمایت کی بالکل اسی طرح ان سب کو قرارداد کی مکمل حمایت کرنی چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ پی ٹی آئی یا عمران خان کا اعزاز نہیں بلکہ پاکستان کا اعزاز ہوگا ۔ نوبل امن انعام کے حصول کےلئے طریقہ کار ہی یہی ہے کہ قومی اسمبلی کے اراکین نوبل امن انعام کےلئے نامزدگی دیں۔ اسی لئے یہ قرارداد بھی پیش کی ہے۔ اس کا پراسس ہی یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد کی حمایت کےلئے ابھی اپوزیشن سے رابطہ نہیں ہوا۔پیر کو اس سلسلے میں اپوزیشن سے رابطے کریں گے۔ ایک کمیٹی بھی قائم کی جائےگی جو سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرےگی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ حکومت کرپشن اور کرپٹ عناصر کے احتساب پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔عوام نے کرپٹ عناصر کے احتساب کے بیانیے پر ہی ہمیں کامیاب کرایا تھا۔اپنے اسی بیانیے کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا شریف برادارن یا آصف زرداری سے ہمارا کوئی ذاتی جھگڑا نہیں۔ ہم تو ان کی کرپشن کی بات کرتے ہیں تاہم ان لوگوں کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کے اوپر دائر مقدمات پر کوئی بات نہ کی جائے۔پی ٹی آئی خاموش رہے جو ہمارے لئے ممکن نہیں کیونکہ ہم تمام کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب چاہتے ہیں تاکہ لوٹی ہوئی ملکی دولت واپس لا سکیں۔

شیئر: