Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجزائر پرامن احتجاج کا حق تسلیم کرے، امریکہ

واشنگٹن ۔۔۔امریکہ نے الجزائرمیں صدرعبدالعزیز بوتفلیقہ کی پانچویں مرتبہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے خلاف ہونے والے احتجاج روکنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ الجزائرکی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کے پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرے اور مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے پالیسی سے گریز کیا جائے۔ صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی پانچویں مرتبہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ حکومت کے خلاف شدید احتجاج اور صدر بوتفلیقہ کی پانچویں بار نامزدگی کےخلاف مظاہرے کئے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالا ڈینو نے واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم الجزائر میں ہونے والے احتجاج پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ الجزائرکی حکومت کے ساتھ بھی ہمارے روابط موجود ہیں۔ واشنگٹن الجزائر میں عوام کے ساتھ ہے اورپرامن احتجاج کرنے والوں کی حمایت کرتا رہےگاتاہم ترجمان نے احتجاج کے اسباب اور محرکات یا صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی پانچویںمرتبہ نامزدگی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔
 

شیئر: