Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف کرکٹرز کا کرائسٹ چرچ واقعہ پر اظہار افسوس

اسلام آباد: کرکٹرز نے نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی میں بنگلادیشی کھلاڑیوں کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کی واردات پر پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ۔ ان کا کہنا ہے کہ میری دعائیں متاثرین اور ان کی فیملیز کے ساتھ ہیں۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں سرفرازاحمد نے کہا کہ مجموعی طور پر انسانیت کے لئے بہت بڑا نقصان ہے، یہ عبادت کی جگہ جگہ تھی جس میں ناحق خون بہایا گیا۔ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اس سانحہ سے محفوظ رہی۔دہشت گرد حملے میں محفوظ رہنے والے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفق الرحیم نے کہا کہ کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیںمحفوظ رکھا، ہم بہت خوش قسمت ہیں اور دوبارہ اس طرح کا واقعہ دیکھنا نہیں چاہتے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے بھی ٹوئٹ کی اور کہا کہ پوری ٹیم حملے میں محفوظ رہی، یہ بہت خوفناک تجربہ تھا، براہ مہربانی ہمیں اپنی دعاوں میں یاد رکھیں۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں المناک واقعہ پیش آیا، میں نے واقعے کے بعد تمیم اقبال سے بات کی اور بنگلہ دیشی کرکٹرز کے محفوظ رہنے پر اطمینان محسوس کر رہا ہوں ، دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ۔سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کا سن کر دھچکا لگا، اس دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں، خوشی ہے کہ بنگلہ دیشی کرکٹرز محفوظ رہے۔سابق سری لنکن کپتان کمارا سنگاکار نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کرائسٹ چرچ میں فائرنگ کا سن کرانتہائی افسوس ہوا، میری تمام ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔سابق سری لنکن کرکٹر مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں جو کچھ ہوا اس پر بہت افسوس ہے، میری دعائیں متاثرین اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔پاکستانی ویمنزکرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا ء میر نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کسی مذہب یا ملک کی نمائندگی نہیں کرتے، وہ صرف خوف پھیلاتے ہیں جو تکلیف اور دکھ کا باعث بنتا ہو۔ جو کچھ ہوا وہ بہت شدید صدمے کا باعث بنا ۔شکر ہے بنگلہ دیشی ٹیم محفوظ رہی ۔ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: