نامور پاکستانی اداکارہ مہوش حیات تمغہ امتیاز کے تنازع سے ابھی باہر نکلی ہی نہیں تھیں کہ ایک اور تنازع کا شکار ہوگئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ مہوش حیات کو جب سے تمغہ امتیاز دینے کا اعلان ہوا ہے، سوشل میڈیا پر ان کے خلاف محاذ کھل گیا ہے اور لوگ اس بات پر حیران ہیں کہ آخر مہوش حیات نے ایسا کون سا کارنامہ انجام دے دیا کہ انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا جارہا ہے؟مہوش حیات نے خود پر تنقید کرنیوالوں کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ کیا آپ لوگ اس طرح اپنے ملک کے فنکاروں کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں؟ انہیں بلاوجہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہئے تاہم مہوش حیات کو یہ تنقید اس وقت الٹی پڑگئی جب پاکستانی اینکر اور رکن اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا آپ کی فلم”لوڈ ویڈنگ“میں میری رضامندی کے بغیر میرے کردار کو بالکل غلط انداز میں پیش کیاگیا اور مجھے بدنام کیاگیا آپ کی پوری فلم میرے ہی ارد گرد گھوم رہی تھی۔ بطور فنکارہ نہ صرف آپ نے اس فلم میں کام کیا بلکہ آپ اس کو روکنے میں بھی ناکام رہیں لہٰذا مجھے تو آپ پر مقدمہ کردینا چاہئے۔ یہ بہت افسوس کی بات ہے۔