Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان 10 ہزار کروڑ روپے کی دولت کے ساتھ ابھی تک انڈیا کے سب سے امیر اداکار، امیتابھ بچن کا دوسرا نمبر

امیتابھ بچن کی دولت کا تخمینہ چار ہزار کروڑ روپے ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے کنگ خان کے نام مشہور شاہ رخ خان کئی دہائیوں سے انڈین سنیما کے سب سے نمایاں ناموں میں سے ایک ہیں۔ فلموں کے علاوہ ان کی دولت پروڈکشن، کھیلوں اور دیگر کاروباروں تک پھیلی ہوئی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق شاہ رخ خان کو ملک کا سب سے امیر اداکار قرار دیا گیا ہے۔  2026کی ’ہورون انڈیا رِچ لسٹ‘ کے مطابق گذشتہ سال کے مقابلے میں ان کی دولت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
فہرست کے مطابق شاہ رخ خان کی کل دولت کا تخمینہ 10 ہزار کروڑ روپے ہے۔ اس میں فلموں، برانڈ انڈورسمنٹس اور کاروبار جیسے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چِلّیز انٹرٹینمنٹ اور سپورٹس ٹیم نائٹ رائیڈرز سپورٹس سے حاصل آمدنی شامل ہے۔
تاہم، یہ تخمینہ گذشتہ سال کے 12 ہزار 490 کروڑ روپے سے نمایاں کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس طرح ایک سال میں ان کی دولت میں 2490 کروڑ روپے کی کمی آئی۔ اس کے باوجود وہ 2026 کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔
دیگر اداکاروں میں رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن شاہ رخ خان کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں جن کی دولت کا تخمینہ چار ہزار کروڑ روپے ہے۔ ان کے بعد سلمان خان ہیں جن کی دولت تین ہزار کروڑ روپے ہے۔
اس کے علاوہ ہریتھک روشن کی دولت میں اضافہ ہوا ہے اور وہ ڈھائی ہزار کروڑ روپے کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔
شاہ رخ خان اس وقت اپنی نئی فلم ’کنگ‘ پر کام کر رہے ہیں جس کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایکشن تھرلر ہے جو شاہ رخ خان کی تین سال بعد بڑی سکرین پر واپسی ہوگی۔ وہ آخری بار 2023 میں فلم ’ڈنکی‘ میں نظر آئے تھے۔
فلم ’کنگ‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ دیپیکا پاڈوکون، سوہانا خان، ابھیشیک بچن، انیل کپور، جیکی شروف، رانی مکرجی، جایدیپ اہلوت، ارشد وارثی، ابھے ورما اور راغو جویال شامل ہیں۔ یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔

 

شیئر: