Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوجرانوالہ میں اسکول دیوار گرگئی، ماں بیٹے سمیت6 جاں بحق

گوجرانوالہ ... گوجرانوالہ کے علاقے کشمیر ٹاون میں واقع کے ٹی ماڈل اسکول میں یوم پاکستان اور رزلٹ کی تقریب کے دوران دیوار گرنے سے خاتون اور 5 بچے جاں بحق جبکہ کئی بچے زخمی ہوگئے ۔پانی کی لیکیج سے دیوار خستہ حال تھی۔ حادثے میں جاں بحق خاتون اپنے بچے کا رزلٹ لینے آئی تھی۔ دونوں ماں بیٹے زندگی کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق خاتون کی شناخت کوثر اور بیٹے کی شاہان کے نام سے ہوئی ہے۔ 16 سالہ نور، 14 سالہ فاطمہ، 11 سالہ خدیجہ، 7 سالہ محسن بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی۔ تحقیقاتی کمیٹی کو 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا اسکول انتظامیہ دیوار کی خستہ حالی سے باخبر تھی لیکن اس کی مرمت نہیں کرائی۔ غفلت سے حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے اسکول پرنسپل سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔وزیراعلی نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قانونی کا رروائی عمل میں لائی جائے۔صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے متاثرہ اسکول کا دورہ کیا۔ وزیر تعلیم جاں بحق ہونے والی خاتون کے گھر بھی گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔

شیئر: