Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے معاملے میں مدد سے انکار کرنا نیٹو کی 'بہت بڑی حماقت' ہے: صدر ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے اتحادی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز کی نگرانی میں مدد کریں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ امریکہ کو اس کے زیادہ تر نیٹو اتحادیوں نے آگاہ کیا ہے کہ وہ ایران میں جاری فوجی کارروائی میں شامل نہیں ہونا چاہتے، جسے انہوں نے بہت بڑی غلطی قرار دیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کےمطابق ٹرمپ نے یہ اشارہ نہیں دیا کہ وہ اس موقف پر نیٹو اتحادیوں کو سزا دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں آئرلینڈ کے وزیرِاعظم مائیکل مارٹن کے سینٹ پیٹرک ڈے کے موقع پر دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ٹرمپ نے کہا کہ نیٹو ممالک امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ کی حمایت کر رہے ہیں، جو اب اپنے تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے، لیکن اس کے باوجود وہ اس میں شامل ہونا نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہمیرا خیال ہے کہ نیٹو ایک بہت بڑی غلطی کر رہا ہے۔ سب لوگ ہم سے متفق ہیں، لیکن وہ مدد نہیں کرنا چاہتے۔ اور ہمیں، یعنی امریکہ کو، یہ بات یاد رکھنی چاہیے کیونکہ یہ ہمارے لیے کافی حیران کن ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ نیٹو اتحادیوں کے خلاف کوئی جوابی کارروائی کریں گے، تو ٹرمپ نے کہا کہ فی الحال ان کے ذہن میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
ماضی میں صدر ٹرمپ امریکہ کو نیٹو سے نکالنے کی دھمکی دے چکے ہیں، تاہم انہوں نے منگل کو اس بات کا ذکر نہیں کیا۔
صدر ٹرمپ نے اتحادی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ آبنائے ہرمز کی نگرانی میں مدد کریں، جہاں سے دنیا کے 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ڈرونز، میزائلز اور بارودی سرنگوں کا استعمال کرتے ہوئے اس راستے کو ٹینکروں کے لیے مؤثر طور پر بند کر دیا ہے۔
تاہم کئی امریکی اتحادیوں نے پیر کے روز کہا کہ ان کے پاس فوری طور پر جہاز بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے تاکہ اس آبنائے کو کھولا جا سکے، یوں انہوں نے ٹرمپ کی فوجی مدد کی اپیل کو مؤثر طور پر مسترد کر دیا۔
منگل کے اوائل میں ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ “چونکہ ہمیں زبردست فوجی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اس لیے اب ہمیں نیٹو ممالک کی مدد کی نہ تو ضرورت ہے اور نہ ہی ہم اسے چاہتے ہیں — ہمیں کبھی بھی نہیں تھی!
انہوں نے جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کا خاص طور پر ذکر کیا۔

شیئر: