Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترجمان پنجاب حکومت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیوں ہوا؟

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے حکومتی ترجمان شہباز گل نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ مریم نواز کی شکایت پرجزوی طور پر معطل کیاگیا جبکہ مریم نواز نے شکایت کی ہے کہ نوازشریف کی صحت سے متعلق معلومات شیئر کی جارہی ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ انھوں نے ’ ٹوئٹر انتظامیہ کو بتادیا ہے کہ نواز شریف قیدی ہیں، ان کی معلومات دینا میری ذمہ داری ہے۔‘
واضح رہے کہ پیر کو ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کا ٹوئٹر اکاونٹ جزوی طور پر معطل ہوگیا تھا تاہم اب وہ بحال کر دیا گیا ہے۔ 
مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق تشویش کااظہار کیاجاتا ہے جس پرپنجاب حکومت کے ترجمان ڈاکٹر شہبازگل اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نواز شریف کی صحت سے متعلق تازہ صورتحال شیئر کرتے ہیں۔ انہوں نے جمعے کو ٹویٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ’ڈڈاکٹرز کے مطابق نوازشریف کی طبیعت ٹھیک ہے ضروری ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں، ہسپتال جانا چاہیں تو پہلے دن سے آفر موجود ہے۔‘ 
 
مریم نواز جب بھی سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق ٹویٹ کرتی ہیں تو شہبازگل جوابی ٹویٹ میں نوازشریف کی صحت کوتسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں غلط بیانی سے گریز کرنے کی تنبیہہ کرتے ہیں۔ 
جمعرات کومریم نواز نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ طبیعت خرابی کے باعث نوازشریف جیل میں کسی سے ملاقات نہیں کرسکیں گے۔ مریم نواز کے ٹویٹ کے بعد شہباز گل نے جوابی ٹویٹ کی جس میں کہاگیا کہـ کل تک تو آپ کہہ رہی تھیں کہ کسی کو ملنے نہیں دیاجارہا، ملاقات کا دن آیا ہے توآپ خود ملاقات سے روک رہی ہیں۔انہوں نے گذارش کی کہ ’براہ کرم اپنے والد کی صحت پر سیاست نہ کریں ۔‘
ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شہبازگل سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں،اس سے پہلے رواں سال جنوری میں بھی ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کردیاگیا تھا تاہم ،شہبازگل کا کہناتھا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کیاگیا ہے۔ 
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کااکاؤنٹ بھی ٹوئٹر کی جانب سے معطل کردیاگیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل اپنے اکاؤنٹ پر انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کلبھوشن جادیو کیس سے متعلق تازہ صورتحال شیئر کررہے تھے۔ 
 

شیئر: