مکہ روٹ انیشیٹیو کے لیے اے آئی کی تیاریوں کا جائزہ
اس وقت دس ملکوں کے 17 ایئرپورٹس پر کامیابی سے کام رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کے صدر ڈاکٹر عبداللہ الغامدی نے وزارتِ داخلہ کے مکہ روٹ انیشیٹو میں شریک ٹیموں کی تکنیکی اور انجینئرنگ تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک ورچوئل اجلاس کا انعقاد کیا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مکہ روٹ انیشیٹو عازمینِ حج کی آمد کو ہموار اور آسان بنانے کے لیے اس وقت دس ملکوں کے 17 ایئرپورٹس پر کامیابی سے کام رہا ہے، یہ انیشیٹیو وژن 2030 کے اہدف سے ہم آہنگ ہے۔
اجلاس کے دوران ڈاکٹر عبداللہ الغامدی نے بین الاقوامی ٹرمینلز پر عازمین کے انٹری پروسز کے لیے بنائے گئے ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر، سسٹمز اور ورک سٹیشنز کا جائزہ لیا۔
ہر شریک ملک کی ٹیموں نے اپنے مانیٹرنگ میکانزم اور تکنیکی معاونت کے پروٹوکول کا مظاہرہ کیا اور متعلقہ حکام کے ساتھ تیز رفتار انضمام کو یقینی بنایا تاکہ رجسٹریشن کے عمل کو کسی رکاوٹ کے بغیر آسان بنایا جا سکے۔
مکہ روٹ انیشیٹو ممکت میں داخلے سے متعلق تمام کارروائی روانگی کے مقام پر ہی مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جن میں حج ویزے کا الیکڑانک اجرا، بائیو میٹرک اور پاسپورٹ کنٹرول شامل ہیں۔
اس کے علاوہ مملکت میں رہائش کے انتظامات کے مطابق سامان کی درجہ بندی اور کوڈنگ کی جاتی ہے۔عازمین حج آمد پر ایئرپورٹ براہ راست مکہ اور مدینہ اپنی رہائش تک پہنچ سکتے ہیں۔ ان کا سامان عازمین کی رہاش تک پہنچا دیا جاتا ہے۔
