بلوچستان: مسلح افراد کا دالبندین میں تھانے پر حملہ، 14 قیدیوں کو فرار کروا دیا
ہفتہ 16 مئی 2026 19:43
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
بلوچستان کے ضلع دالبندین میں سنیچر کو درجنوں مسلح افراد نے تھانے پر حملہ کر کے 14 قیدیوں کو فرار کروا دیا جن میں قتل کے مقدمات میں ملوث قیدی بھی شامل ہیں۔
مسلح افراد نے پولیس تھانہ سٹی پر حملہ کرنے کے بعد اسے آگ بھی لگا دی اور جاتے ہوئے تھانے کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ بعد ازاں پولیس اور فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ بجھا دی۔
چاغی پولیس کے ایک عہدے دار کے مطابق درجنوں مسلح افراد نے سنیچر کو دالبندین میں کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے مسجد روڈ پر تھانے کے قریب، عرب مسجد پھاٹک، کلی خدائے رحیم میں کرسچن کالونی ریلوے سٹیشن کے پاس چار مختلف مقدمات پر ناکہ بندی کی۔
اس سے ایک روز قبل چاغی سے متصل ضلع نوشکی میں بھی مسلح افراد نے ناکہ بندی کی تھی اور تفتان سے کوئٹہ کو ملانے والی ایک شاہراہ پر موجود ایک پُل کو دھماکے سے اُڑا دیا تھا، جبکہ چار سے پانچ گاڑیوں کو بھی نذرِآتس کیا تھا۔
معاون داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ ضلع چاغی کے تھانہ سٹی چاغی اور مختلف مقامات پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے صورت حال کو کنٹرول میں لے لیا۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون بابر خان یوسفزئی کے مطابق دہشت گردوں نے تھانہ سٹی چاغی پر حملے کے ساتھ تین مختلف مقامات پر غیر قانونی ناکے قائم کیے تھے۔
’اس پر ایس ایس پی چاغی کی قیادت میں پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی۔ پولیس کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کے باعث دہشت گردوں کو وہاں سے دھکیل دیا گیا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ اس وقت صورت حال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ملوث دہشت گردوں کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔