Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا عراق کیلئے ایک ارب ڈالر کا عطیہ،بغداد میں قونصل خانے کا افتتاح آج

بغداد :  سعودی عرب نے عراق میں اسپورٹس سٹی کے لئے  خادم حرمین شریفین کی طرف سے  ایک ارب ڈالر عطیے کا اعلان کردیا۔ سعودی عرب آج  بغداد میں قونصل خانے کا افتتاح کریگا اور مستقبل قریب میں مزید 3قونصل خانے عراق کے متعدد صوبوں میں کھولے گا۔یہ اعلان سعودی وزیر تجارت و سرمایہ کاری ماجد القصبی نے دورہ عراق کے موقع پر بغداد میں کیا۔ وہ ایک سو اعلی سعودی عہدیداروں کا وفد لیکر بدھ کو  عراق پہنچے تھے۔ یہ 30برس کے دوران اپنی نوعیت کا سب سے بڑا وفد ہے۔
سعودی عرب اور عراق نے تجارتی لین دین ، اقتصادی و سرمایہ کاری تعاون میں اضافے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے۔ فریقین نے طے کیا ہے کہ دونوں علاقائی و بین الاقوامی اقتصادی نمائشوں، کانفرنسوں اور فورمز میں یکجہتی پیدا کریں گے۔ اقتصادی ریسرچ پر توجہ دیں گے۔ بین الاقوامی ضوابط اور اقتصادی و تجارتی قوانین میں خامیاں دور کریں گے۔
الشرق الاوسط کی رپورٹ کے مطابق عراق کے نائب وزیراعظم برائے امور توانائی ثامر عباس الغضبان نے بتایا کہ عراق او رسعودی عرب دو روز کے دوران سعودی عراقی رابطہ کونسل کے اجلاس کریں گے اور ان میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے طور طریقوں پر غوروخوض کریں گے۔سعودی وزیر نے بغداد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب اور عراق کے درمیان عرعر بری سرحدی چوکی کا کام تیزی سے انجام دیا جارہا ہے۔6ماہ میں مکمل ہوجائیگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بغداد اسپورٹس سٹی کے لئے پلاٹ مختص کردیا گیا ہے۔ اسکا کام بھی تیزی سے آگے بڑھے گا۔ دونوں ملک متعدد اقتصادی معاہدے کرینگے۔ مسودے تیار ہوچکے ہیں۔
 

شیئر: