Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”لاش اٹھالیں، کہیں سڑ نہ جائے“

ایتھنز : یونان کے 80سالہ شہری نے خودکشی سے قبل ادارہ تدفین کو رابطہ کرکے یہ کہہ کر حیرت زدہ کردیا کہ مقررہ پتے پر پہنچ کر میری لاش اٹھا کر دفن کردی جائے۔ میں خودکشی کرنے جارہاہوں۔ اطلاع اس لئے دے رہا ہوں تاکہ لاش سڑ نہ جائے۔
اخبار الشرق الاوسط کے مطابق یہ واقعہ مغربی یونان کے ایک قریے میں پیش آیا۔ بیوی کی موت کے بعدبزرگ یونانی شہری کی ذہنی حالت بگڑ گئی تھی۔ بالاخر اس نے متوفی بیوی کے پاس جانے کا فیصلہ کرلیا۔
ادارہ تدفین کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ 80سالہ بزرگ نے صبح ساڑھے 6بجے رابطہ کرکے کہا کہ میں آپ کو جگانے کیلئے معذرت خوا ہ ہوں میں آپ سے خدمت چاہتا ہوں۔ آپ میرے گھر آئیں اور میری لاش لیجائیں۔ میری خواہش ہے کہ لاش سڑ نہ جائے۔
آپ کسی سے رابطہ کرکے پریشان نہ کریں۔ آپ سے ایک خدمت یہ بھی چاہتا ہوں کہ آپ میری جیب سے ایک کاغذ نکال کر میری بیٹی کو پہنچا دیں۔ادارہ تدفین کے مالک نے رابطہ کرنے والے بوڑھے کو خودکشی کے ارادے سے روکنے کی لاکھ کوشش کی مگر وہ نہ مانے اور بالاخر فون بند کردیا۔
 فوری طور پر ادارہ تدفین کے مالک نے پولیس سے رابطہ قائم کیا ۔ پولیس بوڑھے کے مکان پر پہنچی اس وقت وہ خودکشی کرچکا تھا۔
حالیہ 9برسوں کے دوران یونان مالی بحران سے دوچار ہے۔ بہت سارے لوگ مالی تنگی کے باعث خودکشی کرچکے ہیں۔ ایک برس کے دوران 927واقعات ریکارڈ پر آچکے ہیں۔
 

شیئر: