Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

‘ امید ہے کہ جورڈن ٹیلر کا پاکستان میں قیام خوشگوار رہے گا ‘

پاکستان میں حالیہ کچھ عرصے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد غیر ملکی سیاح یہاں کا رخ کر رہے ہیں اور اب خاتون وڈیو بلاگر جورڈن ٹیلر نے پاکستان کا آنے کا اعلان کیا تو ان فیصلے کا خیرمقدم کرنے والے بھی کم نہ تھے۔
گذشتہ ہفتے امریکی خاتون وڈیو بلاگر جورڈن ٹیلر نے پاکستان کے سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تو کچھ سوشل میڈیا صارفین نے انہیں امن و امان کی صورتحال بتا کر ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا جب کہ بیشتر انہیں خوش آمدید کہتے دکھائی دیے۔
اپنے تعارف میں خود کو سیاح اور ٹریکر بتانے والے امبیزی دی فری برڈ نامی ہینڈل نے جورڈن ٹیلر کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ امید ہے یہاں ان کا قیام خوشگوار رہے گا۔
امریکی شہرمیامی سے تعلق رکھنے والی سیاح کو دورہ پاکستان سے باز رکھنے کی کوشش کرنے والوں کو جواں سال ویڈیو بلاگر کے لیے خیرمقدمی انداز اپنانے والے صارفین کے غصے کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
'جانو600' نامی انسٹاگرام صارف نے امریکی ویڈیو بلاگر کو دورہ پاکستان سے منع کیا تو انہیں سوشل میڈیا صارفین کے ڈیڑھ سو کمنٹس کا سامنا کرنا پڑا۔

شائنا ہیریرا نے اپنے تبصرہ میں لکھا کہ 'وہ پاکستان آتے ہوئے اپنے مرد ساتھی کو ہمراہ لائیں، اپنے دورہ کے دوران باوقار لباس زیب تن کریں اور خود کو شال سے ڈھانپ کر رکھیں، یہ بالکل انڈیا جیسا ہی ہے اس لیے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
جورڈن ٹیلر نے تاحال اپنے سیاحتی وزٹ کی تاریخوں یا مقامات کی نشاندہی نہیں کی ایسے میں متعدد صارفین انہیں پاکستان کے معروف مقامات سے متعارف کراتے نظر آئے۔ عظیم نامی ہینڈل کا کہنا تھا کہ وہ اپنے سفر کے دوران وادی ہنزہ، ناران اور کاغان، لاہور، کراچی اور پشاور ضرور جائیں
دلکش مناظر کو کیمرہ کی آنکھ کے ذریعے دوسروں تک پہنچانے کی شہرت رکھنے والی امریکی خاتون ویڈیو بلاگر جورڈن ٹیلروسط اپریل تک پاکستان پہنچ رہی ہیں۔

جورڈن ٹیلر نے پاکستان کے سیاحتی دورے کا اعلان سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ’انسٹا گرام‘ پر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے ملک جا رہی ہیں جو منفرد سیاحتی مقامات کی شناخت رکھتا ہے اور وہ عرصے سے پاکستان جانے کی خواہاں تھیں۔
انہوں نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر مزید کہا کہ وہ پاکستان میں ایک مہینہ گزاریں گی اوراس دوران وہ ویڈیو بلاگرز کی ایک کانفرنس میں بھی شریک ہوں گی۔ وہ پاکستان کے منفرد سیاحتی مقامات کی ویڈیوزبنا کراپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کرنے کا ارادا بھی رکھتی ہیں۔ ان کے یو ٹیوب چینل پر3 لاکھ 54 ہزار سے زائد فالوورز ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں جورڈن ٹیلرپاکستان میں متوقع قیام پرانتہائی پرجوش دکھائی دیتی ہیں۔ 
ملائشیا، مصر، اومان، گوئٹے مالا اور اسپین کی سیر کے بعد جورڈن ٹیلراب چین کے سیاحتی دورے پر ہیں اورلمحہ بہ لمحہ شائقین کواپنے یوٹیوب چینل اورانسٹاگرام کے ذریعے ان ممالک کی منفردیت سے محظوظ کرتی رہتی ہیں۔ گزشتہ تین برسوں میں وہ 31 ملکوں کی سیر کر چکی ہیں۔
امریکی ویڈیو بلاگر کا اپنے متعلق کہنا ہے کہ 2016 میں جب وہ امریکی ریاست میامی سے دنیا کی سیر کرنے نکلیں تو ان کے ذہن میں نہ تو کوئی خاص مقام تھا اور نا ہی وہ سیاحتی دورے کو کسی طے شدہ تاریخ تک ختم کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں۔
جورڈن ٹیلر سے قبل دیگر وڈیو بلاگرز بھی پاکستان کے دورے پر آ چکے ہیں۔ 
پولش سیاح اور ویڈیو بلاگر ایوا زوبیک، کینیڈا کی موٹرسائیکل ایڈونچر ٹریولر روزی جبرائیل اور 153 ملکوں کی سیاحت کرنے والے ڈریو بینسکی بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
حکومت پاکستان کی جانب سے ملک کے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اہمیت رکھنے والے مقامات کو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی کے مراکز بنانے اور اس سے معیشت کو استحکام دینے کے متعلق بیانات تواتر سے سامنے آتے رہے ہیں۔
گذشتہ چند برسوں سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد پاکستان میں حکومتی سطح پر سیاحت کو فروغ دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور حالیہ مہینوں میں متعدد غیرملکی پاکستان آنے کا اعلان کر رہے ہیں یا آ چکے ہیں۔ ان سیاحوں میں  روزی جبرائیل سمیت ایسے سیاح بھی ہیں جو ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اپنے سیاحتی تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔
 

شیئر: