جدہ : مکان میں ہولناک آتشزدگی ، 3لڑکیاں جاں بحق

جدہ...   جدہ  کے جنوبی علاقے پیٹرومین  کے ایک مکان میں  آتشزدگی سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے ۔ ریجنل شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے اردونیوز کوجاری پریس ریلیز میں بتایا آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے متعدد یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچے گئے ۔ 
کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ آگ کی اطلاع ٹیلی فون پر ایک خاتون نے دی جس نے بتایا کہ اس کے پڑوسی کے مکان میں آگ لگی ہو ئی ہے ۔ خواتین کی  چیخیں بھی  سنائی دے رہی ہیں ۔ 
اطلاع ملتے ہی شہری دفاع  اور ہلال الاحمر کے یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ فوری طور پر فائر آگ بجھانے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔  آگ اس قدر ہولناک تھی  اٹھنے والا دھواں کافی دور سے دکھائی دے رہا تھا ۔ متاثرہ مکان 2 منزلہ تھا  ۔ زیریں منزل مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آچکی تھی ۔ بالائی منزل پر بنا ہوا ایک کمرہ بھی جزوی طور پر شعلوں میں گھرا ہوا تھا ۔ 
قدیم طرز کے مکان کی زیریں  منزل کے کمرے کی چھت جو لکڑی  اور پتھروں سے بنائی گئی تھی مکمل طور پر تباہ ہو کرگر گئی تھی ۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے مکان کے زیریں منزل کے ایک کمرے میں پھنسی ہوئی 2 خواتین اور 2 بچوں کو نکالا  ۔ فوری طبی امدا د فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ 
کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے دوسرے کمرے سے جس کی چھت مکمل طور پر منہدم ہو چکی تھی 2 لڑکیوں اور ایک بچی کو نکالا جو دم گھنٹے کے باعث جاں بحق ہو چکی تھیں ۔ 

شیئر: