Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور عمان کے وزرائے خارجہ کی سعودی عرب پر حملوں اور امن کی کوششوں کے حوالے سے بات چیت

عمان کے وزیر خارجہ ید بدر بن حمد البوسعیدی منگل کو اسلام آباد پہنچے تھے (فوٹو: ایکسل، دفتر خارجہ)
پاکستان اور عمان کے وزرائے خارجہ نے بدھ کو سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس شرکت کی جس میں پاکستان  کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے علاوہ دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں اور بعدازاں عمان کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے تنازع، سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں، آبنائے ہرمز اور باب المندب کی بندش اور غزہ کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ باب المندب اور سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان پیدا ہونے والی نئی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔
ان کے مطابق ’میرے خیال میں دونوں ممالک کی سوچ ایک جیسی ہے اور ہمیں ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کرنی چاہییں کیونکہ اس سے خطے میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔‘
پاکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں جاری تنازع کے باعث لوگوں کی مشکلات واضح طور پر نظر آ رہی ہیں۔
ان کے مطابق’پاکستان میں توانائی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا ہے اور قیمتیں بہت بڑھ گئی ہیں۔ عام آدمی کے لیے یہ اخراجات برداشت کرنا مشکل ہے۔ یہ مسئلہ صرف ہمارے خطے تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیا اس سے متاثر ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’خطے میں امن، سکون اور حالات کو معمول کی طرف لائے جانے کی ضرورت ہےمیرے خیال میں پاکستان اور عمان اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘

وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے سفارت کاری اور مذاکرات کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا (فوٹو: فارن آفس)

اس موقع پر عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے کشیدگی کے بڑھتے خدشات کے وقت میں پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارت کاری کے لیے ہونے والی کوششوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مذاکرات اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے والی کوششیں حقیقی طور پر تعریف کی مستحق ہیں۔ ہم پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں، جس سے بات چیت کے لیے گنجائش پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔‘
عمان کے وزیر خارجہ منگل کو 8ویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔
اس موقع عمانی وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا کہ عمان اور پاکستان دونوں اپنی معیشتوں میں اہم تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ تجارت، لاجسٹکس، بندرگاہوں کے رابطوں، توانائی، غذائی تحفظ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے سمیت کئی دیگر شعبوں میں بھی مل کر کام کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: