Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں سمندری ہوائیں بند، ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

 پاکستان کا ساحلی شہر کراچی گذشتہ چند روز سے سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے سخت گرمی کی لپیٹ میں ہے اور اب محکمہ موسمیات نے وہاں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 29 اپریل سے 3 مئی کے دوران شہر سخت گرمی کی لپیٹ میں رہے گا،  درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جا سکتا ہے۔
واضع رہے کہ 2015 میں کراچی میں گرمی کی لہرسے تقریباً 1300 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں عورتیں، بچے اور بوڑھے بھی شامل تھے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض نے اردو نیوز کو بتایا کہ ہیٹ ویو کے دوران دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی، جبکہ شمالی اور شمال مغربی علاقوں سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی۔
ہیٹ ویو سے کیسے نمٹا جائے؟
محمد ریاض نے شہریوں کو ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں، باہر نکلنے کی صورت میں پینے کا پانی اپنے ہمراہ رکھیں، سر کو گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر باہر نکلیں اور سایہ دار جگہوں کا انتخاب کریں۔
 دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں ہیٹ اسٹروک کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔ سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر بیربل گینانی کی جانب سے جاری ہونے والے انتباہ میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن 11 بجے سے دوپہر 3 بجے تک گھروں میں رہیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کاامکان ظاہر کیا ہے۔جنوبی پنجاب اورسندھ میں موسم شدیدگرم رہے گا، جبکہ مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت  بلتستان میں بعض مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

 

شیئر: