Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھائی لینڈ کے بادشاہ کی اپنی محافظ خاتون سے شادی

تھائی لینڈ کے نئے بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے تاج پوشی سے صرف تین روز قبل اپنی ذاتی سکیورٹی پر تعینات ڈپٹی کمانڈر خاتون سے شادی کرکے انہیں 'ملکہ سوتدا' کا عہدہ دیتے ہوئے سب کو حیران کر دیا ہے۔
بادشاہ کی طرف سے شادی کے اعلان کو شاہی گزٹ میں لکھا گیا اور بعد میں اس کی ویڈیو تھائی لینڈ کے تمام ٹی وی چینلز پر 'شاہی نیوز' بلیٹن میں بھی دکھائی گئی۔
خبر رساں ادارے رؤئٹرز کے مطابق 'چھوٹا راما بادشاہ' کہلائے جانے والے 66 سالہ بادشاہ ماہا وجیرالونگ اکتوبر 2016 میں اپنے والد بھومیول کی وفات کے بعد تھائی لینڈ کے بادشاہ بنے تھے۔ اُن کے والد نے 70 سال تک تھائی لینڈ پر حکومت کی۔
ماہا وجیرالونگ کے جشن تاج پوشی پر مبنی تین روزہ تقریبات کا انعقاد ہفتے کو ہوگا اور اگلے دن ملک کے دارالحکومت بینکاک میں ایک جلوس نکالا جائے گا۔
وجیرالونگ نے اپنی نئی بیوی سوتدا تدجائی کو 2014 میں اپنی ذاتی سکیورٹی کا ڈپٹی کمانڈر تعینات کیا تھا۔ اس سے قبل سوتدا تھائی لینڈ کی قومی ائیرلائن تھائی ائیرویز میں بطور فلائٹ اٹینڈنٹ کام کرتی تھیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں کئی عالمی جریدے اور شاہی مبصرین سوتدا اور وجیرالونگ کے رومانوی تعلقات کی خبریں دیتے رہے ہیں تاہم شاہی محل ہمیشہ ان خبروں کی تردید کرتا رہا ہے۔
رؤئٹرزکے مطابق اس شادی میں تھائی لینڈ کے آرمی چیف اور 2014 کی فوجی بغاوت کے بعد سے ملک کے سربراہ پروئیت چنوچا کے علاوہ شاہی خاندان کے کئی نامور افراد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ وجیرالونگ اس سے قبل بھی تین شادیاں کرکے طلاق دے چُکے ہیں۔ وہ سات بچوں کے باپ ہیں۔

شیئر: