سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی ٹیموں نے جمہوریہ لبنان اور بیروت کے مختلف شہروں میں فلسطینی اور شامی پناہ گزینوں میں 899 خریداری کوپنز تقسیم کیے۔
کوپنز کے ذریعے پناہ گزین اپنی ضرورت کے مطابق موسم سرما کے ملبوسات باسانی خرید سکیں گے۔ خریداری کوپن کے چوتھے مرحلے سے 899 افراد مستفیض ہوئے۔
کنگ سلمان سینٹر کی جانب سے یمن کی کمشنری حجہ میں ضرورت مندوں کے لیے لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں ایک ہفتے کے دوران 198 مریضوں نے رجوع کیا جن میں سے 95 افراد مختلف نوعیت کے وبائی امراض کا شکار تھے جبکہ 25 افراد کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی گئی۔ 202 مریضوں کو ادوایات کا کورس فراہم کیا گیا۔
جمہوریہ چاڈ میں آٹا، کھانے کا تیل اور دیگر ضروریات تقسیم کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)
امدادی مرکز کی ٹیموں نے لبنان میں مقیم شامی پناہ گزینوں کے لیے اشیائے خورونوش کے 866 کارٹن تقسیم کیے جن سے 4 ہزار 330 افراد مستفیض ہوئے۔
جمہوریہ چاڈ میں بھی شاہ سلمان مرکز کی جانب سے اشیائے خورونوش کے 1233 کارٹن تقسیم کیے گئے جن میں کھانے کا تیل ، آٹا و دیگر سامان شامل تھا۔
پناہ گزینوں میں مرکز کی جانب سے خریداری کوپنز تقسیم کیے گئے(فوٹو، ایس پی اے)
خیال رہے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے مختلف ممالک میں ضرورت مند افراد کے لیے اشیائے خورونوش کے علاوہ دیگر ضروریات کی تقسیم کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔
ایسے علاقوں میں جہاں پینے کے پانی کی قلت ہوتی ہے مرکز کی جانب سے وہاں کنوئیں کھدوائے جاتے ہیں تاکہ ضرورت کے مطابق پینے کے پانی کا بندوبست کیا جاسکے علاوہ ازیں مختلف پناہ گزینوں کیمپوں میں طبی ضروریات کو پورا کرنے کےلیے میڈیکل کیمپس کا بھی انتظام کیا جاتا ہے جہاں طبی عملے کے علاوہ ادویات و دیگر آلات بھی مرکز کی جانب سے مہیا کیے جاتے ہیں۔