Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرم شریف میں ذہنی مریضوں پر نظر رکھنے کے لیے سپیشل فورس تعینات

مسجد الحرام کی سکیورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر یحییٰ العقیل نے کہا ہے کہ مسجدالحرام میں رمضان المبارک کے موقع پر ذہنی مریضوں پر نظر رکھنے اور انہیں مطلوبہ نگہداشت فراہم کرنے کے لیے سپیشل فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
سپیشل فورس کے اہلکاروں کو انسانی بنیادوں پر معاملات طے کرنے کی تربیت دی گئی ہے، ان میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔
مسجد الحرام میں سپیشل فورس تعینات کرنے کا مقصد عمرہ اور زیارت کے لیے آنے والوں کو ہر طرح کا تحفظ فراہم کرنا ہے۔
سعودی عرب کے ایک مقامی آن لائن اخبار سبق نیوز کے مطابق بریگیڈینر یحییٰ العقیل نے ذہنی مریضوں کے اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان پر نظر رکھیں۔
سکیورٹی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر یحییٰ العقیل نے مزید کہا کہ’ان مریضوں کے اہل خانہ ان کو اس نیت سے حرم شریف لے جاتے ہیں کہ وہاں ان کی نفسیات پر اچھا اثر پڑے گا لیکن اہل خانہ کےعبادت میں مصروف ہونے کے بعد یہ مریض کبھی کبھار ہنگامہ برپا کردیتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام میں  ذہنی مریضوں کے حوالے سے سپیشل فورس تعینات کرنے کا محرک یہاں پیش آنے والے واقعات ہیں۔
بریگیڈیئر یحییٰ العقیل نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے ہاتھوں میں کڑے ڈالنے کا اہتمام کریں جن پر پتہ اور رابطے کا نمبر موجود ہو۔ اس سے گمشدہ بچوں کو والدین تک پہنچانے میں آسانی ہوتی ہے۔
سبق نیوز سے بات کرتے ہوئے بریگیڈیئر یحییٰ العقیل نےبتایا کہ سکیورٹی فورس کے اہلکار حرم شریف کے صحنوں ، دالانوں اور تمام منزلوں میں تعینات کیے گئے ہیں۔
ان اہلکاروں میں سادہ لباس والے بھی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’حرم شریف میں سکیورٹی اہلکاروں کو بہت سارے ہدف دیے گئے ہیں۔ یہاں آنے جانے کے عمل کو منظم کرنا ، تراویح کے بعد مسجد الحرام میں  داخلے پر عارضی پابندی نافذ کرانا ، بوڑھوں اور مریضوں کو آنے جانے میں تعاون دینا اور راستہ بھول جانے والوں خصوصاً بچوں کی رہنمائی کرنا ہے۔‘
 
 

 

شیئر: