Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی جھنڈے میں لپٹی راکھی ساونت، ہنگامہ ہے کیوں برپا؟

انڈین فلم انڈسٹری بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے گذشتہ روز اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پاکستانی جھنڈے کے ساتھ اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں اور صارفین میں کھلبلی مچ گئی ۔
راکھی ساونت نے اپنی تصاویر کے ساتھ یہ بھی لکھا تھا کہ 'میں اپنے انڈیا سے پیار کرتی ہوں لیکن یہ فلم 'دھارا 360' میں میرے کردار کا حصہ ہے۔'
سوشل میڈیا صارفین نے تصویروں کے ساتھ لکھے راکھی کے ان الفاظ پر دھیان دیے بغیر سوال پوچھنا شروع کر دیے کہ آخر راکھی ساونت نے پاکستانی جھنڈے کے ساتھ تصاویر کیوں شیئر کیں۔
بعد ازاں راکھی نے اپنے مداحوں کو جواب دینے کے لیے ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں پاکستانی جھنڈے کے ساتھ تصاویر کیوں شئیر کیں۔
انھوں نے بتایا کہ وہ ’دھارا 370‘ نامی فلم میں کام کر رہی ہیں جس میں وہ ایک پاکستانی لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں ۔ ان کے مطابق یہ اُسی فلم کا ایک منظر ہے جس میں پاکستانی اور کشمیری بارڈر کو دکھایا گیا ہے ۔
ویڈیو میں راکھی نے یہ بھی کہا کہ 'پاکستان کے لوگوں کے سینے میں بھی دل ہوتا ہے، پاکستانی بہت پیارے ہوتے ہیں، سب بُرے نہیں ہوتے، کچھ لوگ جو بچوں کو جہاد کرواتے ہیں جو اپنے ہی ملک اور قوم کے خلاف ہوتے ہیں، جو اللہ کے خلاف بھی ہوتے ہیں لیکن میں پاکستان اور اس کے لوگوں کا بہت احترام کرتی ہوں۔‘
راکھی نے اپنے ویڈیو بیان میں یہ بھی کہا کہ 'کچھ لوگ ہیں جو کشمیریوں کو، ہندوستانیوں کو سرحد پار کرواتے ہیں، اُن کی مدد کرتے ہیں کیونکہ وہ وہ بہت نیک اور اللہ کے بندے ہوتے ہیں۔ میں ایسے لوگوں کی بہت عزت کرتی ہوں۔'
'دھارا 370' کیا ہے؟
ہندی میں دھارا کا مطلب دفعہ یا آرٹیکل ہے ۔ بھارتی آئین کی دفعہ 370 ایک خصوصی شق ہے جو انڈیا کے زیر انتظام کشمیری ریاست کو جداگانہ حیثیت دیتی ہے ۔ یہ دفعہ جموں و کشمیر کو اپنا آئین بنانے اور اسے برقرار رکھنے کی آزادی دیتی ہے جبکہ زیادہ تر امور میں وفاقی آئین کے نفاذ کو جموں و کشمیر میں ممنوع کرتی ہے ۔

اس خصوصی دفعہ کے تحت دفاعی امور، مالیات، خارجہ امور وغیرہ کو چھوڑ کر کسی دوسرے معاملے میں بھارتی قوانین کا نفاذ متحدہ مرکزی حکومت، مرکزی پارلیمان اور ریاستی حکومت کی توثیق و منظوری کے بغیر نہیں ہوتا ۔
خیال رہے کہ دفعہ 370 رواں سال کے آغاز میں اس وقت زیر بحث آئی جب انڈین حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ انتخابات کے نتیجے میں اگر مودی ایک بار پھر انڈیا کے وزیراعظم بنتے ہیں تو وہ دفعہ 370 کو ختم کر دیں گے۔ اس طرح جموں و کشمیر میں مرکزی حکومت کا کردار بڑھ جائے گا۔

شیئر: