Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاریخی مقامات کھوجنے والا سعودی سیاح

جب تک دنیا قائم ہے مختلف ممالک سے سیاح تاریخی مقامات کھوجنے کے لیے سفر پر نکلتے رہیں گے۔ سعودی سیاح محمد الشاوی کا شمار ان سیاحوں میں ہوتا ہے جنہوں نے سعودی عرب کے طول وعرض میں سفر کرکے تاریخی نوادارت کو نہ صرف تلاش کیا بلکہ ان کے بارے میں محکمہ قومی ورثہ کو بھی مطلع کیا تاکہ وہ انہیں محفوظ کر سکیں ۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق محمد الشاوی 20 برس کے دوران سعودی عرب کے تاریخی مقامات کو کھوجنے کیلئے 20 لاکھ کلومیٹر سفر کرچکے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے ۔

محمدالشاوی کون ہیں؟
عرب ممالک میں سعودی نوجوان  محمد الشاوی کو سیاح کے طور پر غیر معمولی شہرت حاصل ہے ۔ مختلف مقامات کی سیاحت کے علاوہ قدیم اور اپنی نوعیت کے منفرد قدرتی  مقامات کو  تلاش کرنے میں  الشاوی اپنا خاص مقام رکھتے ہیں۔
محمد الشاوی کا زیادہ تر سفر جزیرہ العرب تک ہی محدود ہے۔ وہ اپنے سفر کے اختتام پر ان مقامات کی تصاویر اور وڈیوز اپنے سوشل میڈیا کے اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کر دیتے ہیں جس سے ان مقامات کے بارے میں پوری دنیا کو علم ہو جاتا ہے ۔
محمد الشاوی سعودی عرب کے چپے چپے کو دیکھ چکے ہیں اور مختلف پرخطرمقامات کا بھی سفر کرچکے ہیں۔ غیر معمولی مقامات کی دریافت پر الشاوی ان کی تصاویر بنا کر نقشے پر ان کی نشاندہی کردیتے ہیں۔

سیاحت کے شوق کی ابتداء
الشاوی کو جزیرۃ  العرب میں سیاحت کا شوق ایک کتاب " البلدانین " کے مطالعے کے بعد ہوا۔ محمد الشاوی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ "سیاحتی سفر کا آغاز "امرو القیس" اور "عنتر و لبید" پڑھ کر کیا، جزیرہ العرب کے بارے میں شاعروں نے بہت کچھ لکھا تھا اس لئے مجھے بھی شوق ہوا کہ عام لوگوں کی نظروں سے دور ان مقامات کو سامنے لاؤں اور ان کے بارے میں عام لوگوں کو درست معلومات مہیا کروں۔
الشاوی نے مزید کہا کہ سیاحت کے حوالے سے میں نے مختلف کتب کا مطالعہ کیا اور مزید معلومات حاصل کیں  اور سوشل میڈیا پر سیاحت اور مختلف تاریخی مقامات  کے حوالے سے ایک گروپ جوائن کیا۔
الشاوی نے انٹرویو میں مزید کہا ’بعض روشن خیال سیاحوں کی کتب کا بھی مطالعہ کیا اور ان مقامات پر بھی گیا جن کے بارے میں انہوں نے لکھا تھا۔ یولیوس اور چارلزہوبر کی کتب کو پڑھا جنہوں نے سعودی عرب کے شمال اور شمال مغربی صحرائی علاقوں کا دورہ کرنے بعد اپنے تجربات کو قلم بند کیاتھا۔‘

قدرت کے شاہکاروں سے بھرپور مقامات
الشاوی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی سرزمین پر ایسے ایسے قدرتی مناظر ہیں جن کی دنیا میں مثال نہیں ملتی ۔ یہاں اتنی بڑی چٹانیں معمولی سی بنیاد پر کھڑی ہوئی ہیں جنہیں دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "السودہ "  کی پہاڑی چوٹی پر انتہائی بڑی چٹان کئی صدیوں سے ایک معمولی ستون پر کھڑی ہے ۔ مدینہ منورہ اور تبوک ریجن کے درمیان پہاڑی سلسلے ہیں جہاں ایسی ایسی چٹانیں ہیں جو قدرت کا شاہکار ہیں۔

شیئر: