یمن میں بے گھر افراد کے حالات زندگی بہتر بنانے کے لیے معاہدہ
جمعرات 24 ستمبر 2026 21:31
بے گھر افراد کو خیمے اور شیلٹر کٹس فراہم کی جائیں گی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی کنگ سلمان ہیومیٹیرین ایڈ اینل ریلیف سینٹر اورانٹر نیشنل آرگنائزیشن فارمائیگریشن (آئی ایم او) نے جنگ زدہ یمن میں اندرون ملک بے گھر افراد یا آئی ڈی پیز کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ایگزیکیٹو پروگرام کے تحت بے گھر اور انتہائی ضرورت مند افراد کو خیمے اور شیلٹر کٹس فراہم کی جائیں گی۔ اس سے تقریبا 13 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔
سعودی امدادی ایجنسی کے سپروائزر جنرل ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر آئی ایم او کی ڈائریکٹر جنرل ایمی پوپ کے ساتھ مشترکہ ایگزیکیٹو پروگرام پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ سعودی امدادی ایجنسی کی اقوام متحدہ کی تنظیموں اور انسانی ہمدردی کے اداروں کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس اقدام کا مقصد یمن میں بے گھر افراد کے لیے ریلیف اور انسانی امداد فراہم کرکے محفوظ اور با وقار زندگی گزارنے میں مدد کرنا ہے۔

علاہ ہ ازیں سعودی امدادی ایجنسی کے سربراہ سے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی ڈائریکٹر جنرل نے ملاقات بھی کی جس میں امدادی اور انسانی ہمدردی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقے تلاش کیے گئے۔
ایمی پوپ نے کنگ سلمان ہیومیٹیرین ایڈ اینل ریلیف سینٹر کے ذریعے مملکت کی انسانی اور امدادی کوششوں کی تعریف کی۔
