متحدہ عرب امارات نے ایران کی تمام ایئرلائنز کی پروازیں ’تاحکمِ ثانی‘ معطل کردیں
جمعرات 24 ستمبر 2026 22:54
متحدہ عرب امارات نے جمعرات سے ملک میں آنے اور جانے والی ایران کی تمام ایئرلائنز کی پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کر دی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ ایران کی ایئرلائنز پر عائد امریکی پابندیوں کے بعد کیا گیا ہے۔‘
واضح رہے کہ نئی امریکی پابندیوں کے بعد ایرانی ایئرلائنز کے لیے دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر خدمات حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
پیر کو امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسینٹ نے خبردار کیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے دباؤ کے باعث دو روز بعد ایرانی ایئرلائنز کے لیے عالمی سطح پر کام جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
امریکہ نے غیر ملکی ایئرپورٹس اور کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ایرانی ایئرلائنز کو ایندھن، لینڈنگ یا ٹکٹ فروخت کرنے جیسی سہولیات فراہم کیں تو اُن کے خلاف سخت مالی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے 8 ستمبر کو ایران کی 27 ایئرلائنز پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ ان پابندیوں میں ایران کے فضائی شعبے سے منسلک دیگر ادارے اور افراد بھی شامل ہیں۔
امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی ایئرلائنز کو ہتھیار اور اہلکار منتقل کرنے اور امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ایرانی حکام کی جانب سے ان الزامات اور پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’امریکہ ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھا رہا ہے۔‘
رواں ہفتے ایرانی ایئرلائنز کی بغداد، مسقط اور قطر کے لیے بھی پروازیں روک دی گئی ہیں۔ جارجیا اور آذربائیجان نے بھی ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں معطل کر دی ہیں، تاہم چین اور ترکیہ سمیت کچھ دیگر ممالک کے لیے پروازوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات جانے والی ایرانی پروازیں جمعرات کی رات 12 بجے سے منسوخ کر دی گئی تھیں، جن میں تہران سے دبئی جانے والی ایران ایئر ٹور کی پرواز بھی شامل تھی۔
اماراتی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’وہ صورتِ حال میں ہونے والی پیش رفت سے عوام اور متعلقہ حکام کو آگاہ کرتی رہے گی، جب تک ایران اور یو اے ای کے درمیان پروازیں معمول کے مطابق دوبارہ بحال نہیں ہو جاتیں۔‘
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’نئی پابندیاں ایران کو امریکی دباؤ کے خلاف مزید مزاحمت کرنے پر مجبور کریں گی۔‘
ایران نے اپنے پڑوسی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی پابندیوں پر عمل نہ کریں، ورنہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
