Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

23 بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا عالمی ریکارڈ

کامی 23 بار دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے والے پہلے شخص ہیں
نیپال کے ہائیکنگ حکام کے مطابق کامی ریٹا شرپا نامی 49 سالہ نیپالی شہری نے 23ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
نیپال کے محکمہ سیاحت کی اہلکار میرا اچاریا نے خبر رساں ادارے ’رؤئٹرز‘ کو بتایا کہ آٹھ ہزار 850 میٹر بلند پہاڑی ماؤنٹ ایورسٹ کے دامن میں آباد تھیم نامی نیپالی گاؤں کے رہائشی شرپا نے جنوب مشرقی راستہ استعمال کرتے ہوئے چوٹی کو سر کیا۔
حکام کے مطابق انہوں نے یہ کارنامہ دو کوششوں کے بعد سرانجام دیا ہے۔
 میرا نے بتایا ہے کہ شرپا نے بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق سات بج کر 50 منٹ پر چوٹی سر کی اور اب وہ نچلے کیمپوں کی طرف روانہ ہیں۔
میرا کے مطابق حالیہ مہم میں 30 مزید کوہ پیما حصہ لے رہے ہیں جو بدھ یا جمعرات کو چوٹی سر کر لیں گے۔
  
کامی شرپا کہتے ہیں کہ وہ مزید دو مرتبہ چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے مارچ میں چوٹی کا سفر شروع کرنے سے قبل ’روئٹرز‘ کو بتایا تھا کہ 'میں ابھی بھی صحت مند ہوں اور ماؤنٹ ایورسٹ کو 25 مرتبہ سر کرنا چاہتا ہوں۔'
چوٹی سر کرنے کے لیے کامی کے استعمال کردہ راستے کو سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے کوہ پیما سر ایڈمنڈ ہیلری اور شرپا تنزنگ نورگے نے متعارف کروایا تھا۔ یہ دونوں 1953 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پہلے کوہ پیما بنے تھے۔
1953 سے اب تک لگ بھگ پانچ ہزار کوہ پیماہ اس چوٹی کو سر کر چکے ہیں۔ چوٹی پر چڑھنے کا سیزن مئی میں ختم ہو جاتا ہے اور اس وقت سینکڑوں کوہ پیما چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ دُنیا 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے آٹھ چوٹیاں نیپال میں واقع ہیں اور سیاحت نیپال کی معیشت کا بنیادی ذریعہ ہے۔

شیئر: