Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہتھیاروں سے لیس امریکی ایف سولہ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا

امریکی ایف 16 طیارہ گودام میں گر کر تباہ
امریکی ایف سولہ طیارہ ریاست کیلی فورنیا میں ایئر بیس کے باہر گر کر تباہ ہو گیا۔
ایف سولہ طیارہ جمعرات کو ’مارچ ایئر ریزرو بیس‘ کے باہر ایک گودام کی چھت پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق طیارہ تباہ ہونے سے پہلے ہی پائلٹ نے پیرا شوٹ کے ذریعے اپنی جان بچائی، واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
مارچ ایئرریزروبیس کے ڈپٹی فائر چیف  نے خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کو بتایا کہ طیارہ معمول کے ٹریننگ مشن کے بعد لینڈ کر رہا تھا کہ گودام کی چھت پر جا گرا۔
انہوں نے کہا کہ تباہ شدہ ایف 16 طیارہ عام ہتھیار لے کر جا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں کو جہاز کے ملبے سے اس وقت نکالا جائے گا جب حکام ان سے کسی قسم کے نقصان نہ ہونے کو یقینی بنالیں گے۔
ڈپٹی فائر چیف  نے ایف سولہ طیارے کے گرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ طیارے میں ہائیڈرالک مسائل پیدا ہونے کی وجہ سے پائلٹ طیارے کو قابو نہیں کر پا رہا تھا۔  
ڈپٹی فائر چیف کا کہنا تھا کہ گودام کو معمولی نقصان پہنچا ہے اور زیادہ آگ نہیں لگی۔ پائلٹ کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔

شیئر: