Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چیئرمین نیب کی وڈیو جعلی، حکومت ادارے کے ساتھ کھڑی ہو گی‘

فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین نیب کی وڈیو کو انجینئرڈ اور جعلی قرار دیا ہے
پاکستان کے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی آڈیو وڈیو ٹیپ کے معاملے پر چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا جا رہا ہے۔
جمعہ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر خود مسلم لیگ ن نے یو ٹرن لے لیا ہے، مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پہلے کہا تھا کہ ان کی پارٹی کسی کی ذاتی زندگی میں دخل اندازی نہیں کرے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا بیانیہ بھی حالات و واقعات کے مطابق بدلتا رہتا ہے۔ پارٹی کو ڈکٹیشن آئی اور پھر شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے چیئرمین نیب کی نجی زندگی میں گھسنے کی کوشش کی۔

نیب نے مبینہ ویڈیو ٹیپ کو جعلی قرار دیا ہے

ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں حضرات اپنی نجی زندگی میں کسی کو گھسنے نہیں دیتے اور اب پارلیمانی کمیٹی کے سہارے چیئرمین نیب کی ذاتی زندگی میں گھسنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
معاون خصوصی  برائے اطلاعات نے کہا کہ اس سارے معاملے میں جان بوجھ کر وزیر اعظم عمران خان کو گھسیٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اپوزیشن وزیراعظم سے بغض اور حسد کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی اور ہر سازشی کارروائی کو اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس چینل نے چیئرمین نیب کی آڈیو اور وڈیو نشر کی ان کا وزیراعظم آفس میں کوئی باضابطہ عہدہ نہیں، تاہم انہیں حکومت کے نجی مشاورتی عمل سے الگ کر دیا گیا ہے اور ان کے اجلاسوں میں آنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔  
فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین نیب کی وڈیو کو انجینئرڈ اور جعلی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ادارے (نیب) کے ساتھ کھڑی ہو گی اور اسے آئینی اور قانونی کردار کے اندر سپورٹ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی رخنہ ڈال کر من پسند فیصلے اور وقتی ریلیف لینے کی کوشش کرے گا تو پھر حکومت اداروں کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

شیئر: