Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم کا انڈیا جانے سے انکار

بنگلہ دیش کا کہنا ہے کہ انڈیا میں کھلاڑیوں کو سکیورٹی کے خدشات ہو سکتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش نے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز انڈیا میں کھیلنے سے انکار پر اپنے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے تمام میچز سری لنکا منتقل کرانا چاہتے ہیں۔
جمعرات کو ڈھاکا میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے قومی کرکٹرز اور حکومت کے سپورٹس ایڈوائزر کے درمیان ہونے والے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ بنگلہ دیش کی پوزیشن وہی ہے جو پہلے تھی۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے کہا کہ ’بنگلہ دیش اپنا پلان دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے رکھے گا، جس کے تحت ٹیم سری لنکا میں میچز کھیلنا چاہتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آئی سی سی کی جانب سے دیا گیا 24 گھنٹے کا الٹی میٹم کسی عالمی ادارے کے شایانِ شان نہیں۔‘
امین الاسلام نے مزید کہا کہ ’اگر بنگلہ دیش ورلڈ کپ نہ کھیلا تو آئی سی سی کو تقریباً 20 کروڑ ناظرین سے محروم ہونا پڑے گا، یہ ان کا نقصان ہوگا۔ آئی سی سی سری لنکا کو شریک میزبان کہہ رہی ہے، حالانکہ وہ شریک میزبان نہیں بلکہ یہ ایک ہائبرڈ ماڈل ہے۔ آئی سی سی کے اجلاس میں کچھ باتیں سن کر میں حیران رہ گیا۔‘
دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت کے سپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل نے بھی حکومت کے مؤقف کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا نہ جانے کا فیصلہ حکومت کی سطح پر کیا گیا ہے۔‘
آصف نذرل کا کہنا تھا کہ ’ہم پُرامید ہیں کہ آئی سی سی ہمیں سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت دے گی۔ انڈیا نہ جانے کا فیصلہ حکومت نے کیا ہے۔‘
واضح رہے کہ بدھ کو آئی سی سی بورڈ اجلاس کے بعد آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے سیکیورٹی خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بنگلہ دیش انڈیا میں کھیلنے سے انکار پر قائم رہا تو اسے ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر بھی کیا جا سکتا ہے۔

شیئر: