گیم آف تھرونز کے ’جان سنو‘ شہرت سے بیمار پڑ گئے

اداکار کٹ ہارنگٹن کی عمر 32 سال ہے اور وہ اب عالمی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ تصویر: اے ایف پی
دنیا بھر میں مشہور ہونے والی ٹی وی سیریل گیم آف تھرونز کے اداکار کٹ ہارنگٹن (جان سنو) ڈرامے کے ختم ہونے کے بعد اب اپنا علاج کرا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے اداکار کے نمائندے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایچ بی او کی سیریز سے عالمی شہرت پانے والے ’جان سنو‘ ان دنوں زیرعلاج ہیں۔
32 سالہ کٹ ہارنگنٹن برطانوی اداکار ہیں جن کے کردار نے ڈرامہ سیریل گیم آف تھرونز کی آخری قسط میں شائقین کو حیرت میں مبتلا کر دیا تھا۔
گیم آف تھرونز سے قبل کٹ ہارنگٹن کی بطور اداکار شناخت سے دنیا ناواقف تھی۔
ان کے نمائندے نے ایک بیان میں کہا کہ ’کٹ نے ڈرامہ سیریل ختم ہونے کے بعد وقفے کو موقعے کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  وہ اپنی صحت سے متعلق کچھ ذاتی مسائل پر کام کرنا چاہتے ہیں۔‘
روئٹرز کے مطابق نمائندے کے بیان میں ہارنگٹن کو درپیش مسائل کی تفصیل نہیں بتائی گئی تاہم نیویارک پوسٹ کے ایک کالم میں بتایا گیا ہے کہ ’جان سنو‘ کو گیم آف تھرونز کے اختتام سے دھچکہ لگا ہے اور اب تھکاوٹ، ذہنی دباؤ اور شراب نوشی کی وجہ سے زیر علاج ہیں۔ کالم کے مطابق ڈرامہ سیریز کے اختتام سے قبل اداکار امریکہ کے ایک کلینک میں زیر علاج رہے۔

اداکار کٹ ہارنگٹن اپنی اہلیہ اداکارہ روز لیزلی کے ہمراہ

خیال رہے کہ گیم آف تھرونز کی آخری قسط 19 مئی کو ریلیز ہوئی تھی اور اس کو صرف امریکہ میں ریکارڈ ایک کروڑ 93 لاکھ افراد نے دیکھا تھا۔
کٹ ہارنگٹن نے گیم آف تھرونز میں ہی کام کرنے والی ایک ساتھی اداکارہ روز لیزلی سے سنہ 2018 میں شادی کی تھی ۔ انہوں نے ورائٹی میگزین کو بتایا تھا کہ شہرت کے ساتھ زندہ رہنا بہت مشکل ہے اور ڈرامے سے ان کو جو توجہ ملی وہ ’خوفناک‘ ہے۔
 

شیئر: