Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تمام پاکستانی 30 جون تک اپنے اثاثے ظاہر کریں‘

اثاثے ظاہر کرانے کی صورت میں متعلقہ ادارے پریشان نہیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے ایمنسٹی سکیم کے تحت قوم کو 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جمعرات کو قوم کے لیے ایک مختصر پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی صورت میں ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی۔ 
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ عوام کی کوئی معلومات سرکاری اداروں سے چھپی ہوئی نہیں ہیں اور بہتر ہے کہ وہ اپنے بے نامی اکاؤنٹ اور پراپرٹی ظاہر کر دیں، تو ان کو متعلقہ ادارے پریشان نہیں کریں گے۔
انہوں نے عوام کو پیغام میں کہا کہ وہ اپنا بیرون ملک رکھا ہوا پیسہ واپس لا کر پاکستان کی خدمت کریں۔ ایسا کرنے سے پاکستان کے معاشی مسائل حل ہوں گے۔
عمران خان نے قوم کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ ملک پر ہی خرچ ہو گا اور وہ یہ پیسہ ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ پاکستانیوں میں سے صرف ایک فیصد ٹیکس گوشوارے جمع کراتے ہیں۔ ’یعنی ایک فیصد پاکستانی 22 کروڑ پاکستانیوں کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔ کوئی بھی ملک اپنی عوام کی خدمت کر ہی نہیں سکتا اگر لوگ ٹیکس نہ دیں۔‘
وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کے ٹیکس نہ دینے کی وجہ سے صحیح معنوں میں لوگوں کے لیے ہسپتال اور سکول نہیں بن رہے اور نہ ہی انفراسٹرکچر بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہی وہ ایمنسٹی سکیم متعارف کر رہے ہیں تاکہ لوگ اپنے اثاثے متعارف کرا سکیں۔ 

شیئر: