Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حفظ قرآن کرنے والے بچے مستقبل میں اسلام کا صحیح مفہوم واضح کرینگے، منظور الحق

 
نومسلموں کیلئے دینی معلومات حاصل کرنے کیلئے پاکستان بہترین ملک ہے، عبدالمالک مجاہد کی مساعی قابل قدر ہےں، سفیر پاکستان کا تقریب تقسیم انعامات سے خطاب
 
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان منظور الحق نے کہا ہے کہ پارا چنار کی سبزی منڈی میں ہونے والا بم دھماکہ کسی طور پر ایک صحیح العقیدہ مسلمان کا کام نہیں ہوسکتا۔ اسلام امن کا دین ہے جبکہ ایسی وحشیانہ حرکات کے مرتکب افراد یہ سب اسلام کے نام پر ہی کررہے ہیں۔ وہ مدرسہ فیصل بن سعد میں حلقات تحفیظ القرآن کریم میں قرآن حفظ کرنےوالے بچوں میں تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ اجتماع میں ڈاکٹرعبدالرحمان المخضوب وکیل وزارة الداخلیہ ومشرف العام حلقات تحفیظ القرآن کریم مدرسہ فیصل بن سعد، شیخ ابراہیم السکویکت مدیر جامعہ تحفیظ القرآن وسطی شمالی ریاض، سلطان الفریان، مہتمم مدرسہ قاری اسعد اقبال اور مولانا عبدالمالک مجاہد نائب مشرف العام حلقات تحفیظ القرآن الکریم مدرسہ فیصل بن سعد اور قرآن حفظ کرنے والے بچوں اور ان کے والدین کے علاوہ عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سفیر پاکستان نے حفظ قرآن کرنے والے بچوں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے مدرسہ کی مساعی کو صدقہ جاریہ قرار دیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ قرآن کریم سے اپنے سینے منور کرنے والے یہی طلباءبڑے ہوکر نہ صرف دہشتگردوں کو راہ راست پر لائیں گے بلکہ اسلام کا صحیح تصور بھی دنیا پر واضح کریں گے۔ منظور الحق نے عبدالمالک مجاہد کی کوششوں کو بھی سراہا اور دعا کی کہ ان کے زیر سرپرستی ہونے والے اس مقدس کام پر اللہ تعالیٰ انہیں اجر عظیم سے نوازے۔ سفیر پاکستان نے واضح کیاکہ انکے ملک میں علمائے دین مختلف زبانوں میں اسلام پر تصنیفات کررہے ہیںاس لئے کسی نومسلم کے لئے جو عربی زبان سے نابلد ہو دین سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے پاکستان بہترین جگہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 12فروری کو سفارتخانے کے زیر اہتمام ایسی ہی بابرکت محفل کا انعقاد ہوگا جس میں شرکت کیلئے معروف پاکستانی قاری سید صداقت علی آئیں گے۔ قبل ازیں ڈاکٹر عبدالرحمان المخضوب ، شیخ ابراہیم السویکت اور سلطان الفریان نے حفظ قرآن کی برکات پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا عبدالمالک مجاہد کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ قاری اسعد اقبال نے مدرسے پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ بچوں نے قرآن کریم اور احادیث مبارکہ پر کئے گئے متعدد سوالوں کے انتہائی تسلی بخش جواب دیئے اور مختلف مواقع پر پڑھی جانے والی دعائیں سنائیں۔ قاری شمس الاسلام ، یوسف خان اور فیضان علی نے خوش الحانی سے تلاوت قرآن کریم کی۔عبدالغفار مجاہد نے نعت رسول مقبول پیش کی جبکہ سید فیصل علوی اور حبیب الرحمان نے تقریب کی نظامت کی۔ اس موقع پرطلباء و اساتذہ میں شیلڈز اور مختلف انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
 

شیئر: