Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض مٹیرو کا سب سے بڑا مغربی سٹیشن آج سے کھولنے کا اعلان

ڈیزائن اور ماحولیاتی پائیداری پر ایل ای ای ڈی گولڈن سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
ریاض رائل کمیشن، دارالحکومت میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو ترقی دینے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ریاض میٹرو پروجیکٹ کا مغربی سٹیشن جمعہ 15 مئی سے  کام کرنا شروع کرے گا۔
 ریاض ریلوے نیٹ ورک میں شامل مغربی سٹیشن منصوبے کے بنیادی اور آئیکونک چار مرکزی سٹیشنوں کی تکمیل ہے۔
اس منصوبے کے مرکزی سٹیشنوں میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسرکٹ سٹیشن، ایس ٹی سی العلیا سٹیشن اور قصر الحکم سٹیشن شامل ہیں، مغربی سٹیشن سب سے بڑا ہے۔
مغربی سٹیشن کا رقبہ 112 ہزار مربع میٹر ہے، جہاں راہداریوں اور تجارتی مقامات کے علاوہ پارک، 550 نمازیوں کی گنجائش والی مسجد کے علاوہ 600 گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام ہے۔

سٹیشن کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہاں سے فی گھنٹہ 60 ہزار مسافروں کو ٹرین کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے جبکہ سٹیشن کی بسوں کے ذریعے فی گھنٹہ  1300 افراد کو سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔
مغربی سٹیشن کا افتتاح ریاض کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ہونے والی تیز رفتار ترقی کا تسلسل اور ایک مربوط سول انفرا سٹرکچر کی ترقی کی نمائندگی کرتا ہے۔
یہ اقدام معیار زندگی کو بہتر بنانے، پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کو فروغ دینے میں معاون ہہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔

مغربی سٹیشن کو ڈیزائن اور ماحولیاتی پائیداری کے حوالے سے ایل ای ای ڈی گولڈن سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا ہے۔
چار مرکزی سٹیشنوں کی تکمیل ریاض ریلوے پراجیکٹ کے اہم مرحلے کے عکاس ہیں جو دارالحکومت میں عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے کو موثر بنانے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو شہر کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے میں معاون ہے۔

 

شیئر: