Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 کیش فری پروگرام ، پٹرول پمپس پر تفتیشی عمل کا آغاز

​​​​ہائی ویزے پر اکثر پٹرول پمپس تک یہ سہولت نہیں پہنچ سکی
 سعودی عرب میں کیش فری پروگرام کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ۔ پٹرول پمپس پر ڈیبیٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگی کو یقینی بنانے کےلئے تفیشی عمل کا آغاز کر دیا گیا ۔ ہائی ویزے پر اکثر پٹرول پمپس تک ابھی تک یہ سہولت نہیں پہنچ سکی جبکہ شہر وں کی سطح پر بھی سو فیصد پٹرول پمپس میں یہ سہولت فراہم نہیں کی جاسکی ۔
 پٹرول پمپس مالکان کا کہنا ہے کہ سسٹم کی تنصیب میں تاخیر بینکوں کی جانب سے ہو رہی ہے اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ۔ بینکنگ کونسل کے ترجمان طلعت حافظ کا کہنا ہے کہ کونسل کی جانب سے آن لائن شکایات سیل قائم کر دیا گیا جنہیں مشکلات کا سامنا ہے انہیں چاہئے کہ وہ آن لائن شکایات کا اندراج کرائیں کونسل اس بارے میں فوری ایکشن لیتے ہوئے مسئلہ حل کرائے گی ۔ بینکنگ کونسل کے ترجمان کا مزید کہنا تھاکہ مملکت کے وژن 2030 کے پیش نظر مقررہ اہداف حاصل کرنے ہیں جس کے لئے بھر پور تعاون کی ضرورت ہے ۔ 
 پٹرول پمپس کو دی گئی ڈیڈ لائن پر سعودی اخبار عکاظ کی جانب سے کئے گئے سروے کے مطابق ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود تمام پٹرول اسٹیشنز میں ڈیبیٹ کارڈ سسٹم کی تنصیب مکمل نہ ہوسکی ۔
 سعودی چیمبر آف کامرس کونسل کے رکن شنان الزھرانی نے بتایا کہ مملکت کی سطح پر اگر دیکھا جائے تو صرف 40 فیصد پٹرول پمپس پر ہی ڈیبیٹ کارڈ کے ذریعے رقم وصولی سسٹم کی تنصیب کی گئی ہے جبکہ شہر وںمیں یہ تناسب 60 فیصد ہے ۔ ایسے علاقے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت نہیں یا ہائی ویزے پر قائم پٹرول اسٹیشنز جہاں نیٹ ورک نہیں وہاں سسٹم کی تنصیب مشکل امر ہے ۔اس کےلئے بینکنگ کونسل اور ٹیلی کمیونیکشن کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا ۔ 
مشرقی ریجن میں ایک سرمایہ کار خالد الغانم کا کہنا تھا کہ مملکت کے وژن 2030 کو کامیاب بنانا ہر شہری کا فرض ہے۔ اس حوالے سے مملکت کے کیش فری سوسائٹی کا منصوبہ بہترین ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ۔ الغانم کا کہنا تھا کہ انہو ںنے اپنے پٹرول اسٹیشنز کو جدید طرز کے پمپس میں تبدیل کردیا ہے ۔ اسمارٹ پٹرول اسٹیشنز کے قیام سے کافی سہولت ہو گی ۔ اس شعبے سے منسلک دیگر سرمایہ کاروں کو بھی چاہئے کہ وہ بھی مستقبل کے تقاضوں کے پیش نظر اپنے پمپس پر خودکار سسٹم نصب کریں اگرچہ وزارت بلدیات کی جانب سے لازمی طور پر پٹرول اسٹیشنز میں خود کار سسٹم کی تنصیب کا ٹاسک نہیں دیا تاہم وقت کا تقاضا ہے کہ ہر کوئی جدید سسٹم کے ذریعے اپنے کاروبار کو وسعت دے ۔

شیئر: