Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شان کی شاہ رخ خان پر تنقید سے ان کے مداح بھڑک اٹھے

شان شاہ رخ خان پر تنقید کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان کے فینز کے نشانے پر ہے۔ فوٹو ٹویٹر
پاکستانی اداکار شان شاہد ان دنوں شاہ رخ خان کے مداحوں کے نشانے پر ہیں کیونکہ انھوں نے شاہ رخ خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ڈزنی کی اینیمیشن فلم 'دی لائن کنگ' کا ہندی ورژن جمعے کو ریلز ہو رہا ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ راجہ شیر موفاسا کی آواز بالی وڈ 'کنگ' شاہ رخ خان کی آواز میں ڈب ہوئی تو موفاسا کے بیٹے سمبا کی آواز شاہ رخ کے بیٹے آرین خان نے ڈب کی ہے۔
شاہ رخ خان نے سمبا یعنی اپنے بیٹے آرین کی آواز والی ایک کلپ ٹویٹ کی جس پر شان نے دل کی بھڑاس نکالی ہے۔
شان شاہد نے لکھا: 'پلیز ہندی میں ڈب کر کے ایک تاریخی فلم کو برباد نہ کریں۔ شاہ رخ کی آواز میں کوئی تبدیلی نہیں ہے اور وہ ایسی ہی ہے جیسی وائس اوور وہ اپنی فلموں کے لیے دیتے ہیں۔ کم از کم ایک شیر کی آواز کے لیے تو اپنی آواز میں تبدیلی لائيں۔'
شاہ رخ خان کے پرستار اپنے ہیرو پر ذرا سی تنقید بھی برداشت نہیں کرتے ہیں۔  شاہ رخ کے مداحوں نے شان کومشورہ دیا کہ اس فلم کا ہندی ورژن نہ دیکھیں۔ کئی لوگوں نے کہا کہ 'آپ ہیں کون، آپ کے بارے میں تو گوگل بھی نہیں بتاتا۔'
لیکن شان بھی لوگوں کو جواب دیتے ہوئے نظر آئے۔
ایک پاکستانی صارف نے لکھا کہ 'شاہ رخ پر آپ کے بیان کو شدید ملامت کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ لیکن یقین کریں ہماری انڈسٹری میں انڈیا سے زیادہ ٹیلنٹ ہے۔ میں شرطیہ کہہ سکتاہوں کہ وہ 'قوی خان' کی اداکاری کے مقابلے میں کچھ پیش کریں، وہ کر ہی نہیں سکتے۔'
اس کے جواب میں شان شاہد نے شاہ رخ خان کی اداکاری کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا: 'میں متفق ہوں اور یہی وجہ ہے کہ وہ ڈب کر رہے ہیں کسی مین سٹریم ہالی وڈ فلم میں ایکٹنگ نہیں کر رہے ہیں۔ آبادی ایک ایسا فیکٹر ہے جس کی وجہ سے انڈیا کو مغرب سے سرمایہ کاری ملتی ہے۔'
شان کے اس جواب پر بہت سارے سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے لیکن وہ اپنی بات کہتے رہے۔ شان نے ایک صارف کے جواب میں مبینہ اقربا پروری کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا: 'میں نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں لیکن بعض اوقات غلط کی حوصلہ افزائی کرنا ٹھیک نہیں۔ اقربا پروری بعض اوقات پھل نہیں دیتی۔'
شاہ رخ خان نے تو شان کے کسی ٹویٹ کا جواب نہیں دیا البتہ انھوں نے خبررساں ادارے آئی اے این ایس سے گفتگو میں اس بات پر خوشی اور حیرت کا اظہار کیا کہ ان کی آواز ان کے بیٹے سے بہت ملتی ہے۔

شیئر: