Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 حوثیوں کے ایک ہی دن سعودی عرب پر4 ڈرون حملے

یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے بڑ ھ گئے۔ بدھ کوایک ہی دن مشرقی ریجن کے شہر جازان میں حوثیوں نے 4 حملے کئے جنہیں اتحادی فوج نے ناکام بنایا ۔ 
 اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح حوثی باغیوں نے صنعاءسے سعودی عرب کے شہر جازان کوڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے مکمل طور پر ناکام بناتے ہوئے ڈرون کو تباہ کر دیا گیا ۔ 
 ترجمان نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے یہ چوتھا ڈرون حملہ اس وقت کیا گیا جب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی صنعاءکے دورے پر ہیں ۔ ایران نواز حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی شہری آباد ی کو نشانہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں جس سے انکے مکروہ عزائم کی واضح عکاسی ہوتی ہے ۔ حوثیوں کے دہشت گرد حملوں سے شہر ی آبادی کی جان و مال کے علاوہ خطے اور عالمی امن کو شدید خطرہ ہے ۔
اتحادی فوج کے ترجمان کرنل المالکی نے مزید کہا کہ اس سے قبل ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب جازان ، جیزان اور ابھا کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جسے اتحادی فوج نے ناکام بناتے ہوئے 3 ڈرونز کو تباہ کر دیا تھا ۔ 
 العربیہ نیوز کے مطابق کرنل المالکی کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے سرحدی حدود کی مسلسل خلاف ورزیو ں کو قطعی طور پر برداشت نہیں کیاجائے گا ۔ اتحادی فوج عالمی قوانین کے تناظر میں جوابی کارروائی کا حق رکھتی ہے ۔ حوثی ملیشیاءکی عالمی قانون شکنی کا جواب دیں گے انکی جانب سے مسلسل انسانی اور عالمی حقوق و ضوابط کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ 
واضح رہے 15 جولائی کو بھی اتحادی فوج نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے والے 2 ڈرون حملے ناکام بنائے تھے۔ حوثیوں نے خمیس مشیط میں شہریوں اور عوامی تنصیبات پر حملے کے لئے 2 ڈرون بھیجے تھے۔
 ڈرون حملہ روکنے اور گرانے کے نتیجے میں ملبہ ایک محلے پر آکر گرا جس سے ایک رہائشی عمارت جزوی طور پر متاثر ہوئی اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
 یاد رہے کہ اس سے قبل حوثیوں کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ حوثیوں نے جنوبی سعودی عرب کے عسکری ٹھکانوں اور کنگ خالد ایئر بیس پر بڑا کامیاب حملہ کیا ہے۔

شیئر: