Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعلیم کی لگن: خاتون امتحان کے دوران بچے کو جنم دے کر واپس لوٹ آئیں

علم طاقت ہے اور جس کسی کو بھی اسے حاصل کرنے کا شوق ہوتا ہے وہ ہر رکاوٹ عبور کر کے اسے حاصل کر لیتا ہے، لیکن مغربی افریقہ کے ملک گنی میں ایک نو عمر لڑکی نے تعلیم کے میدان میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
فاطوماتا کوروما کو بچے کی پیدائش جیسا مشکل کام بھی امتحان دینے سے نہیں روک سکا۔ اس امتحان کے لیے وہ سال بھر سخت محنت کرتی رہی تھیں۔
میٹرک کے امتحان میں فزکس کا پرچہ دینے کے لیے جب 18 سالہ فاطوماتا کرسی پر بیٹھیں تو انہیں محسوس ہوا کہ وہ بچے کو جنم دینے والی ہیں۔ وہ جلدی سے قریبی ہسپتال پہنچیں اور 10 منٹ میں بچے کی پیدائش کا عمل مکمل کر لیا۔ کمرہ امتحان سے اٹھنے کے ٹھیک 40 منٹ کے بعد وہ دوبارہ اپنی کرسی پر موجود تھیں۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ اور امتحان لینے والے اساتذہ کو بھی ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

فاطوماتا کا کہنا ہے کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتی تھیں کہ وہ بچے کی پیدائش کی وجہ سے امتحان نہ دیں، تصویر: اے ایف پی

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امتحانی مرکز کے سربراہ نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
بہادر فاطوماتا نے کہا کہ انہوں نے اپنے خاوند سمیت کسی کو نہیں بتایا تھا کہ ان کے بچے کی پیدائش جلد متوقع ہے، کیونکہ انہیں خوف تھا کہ وہ امتحان کو چھوڑ کر ہسپتال داخل ہونے کا اصرار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتی تھیں کہ وہ یہ امتحان نہ دیں جس کے لیے انہوں نے پورا سال محنت کی تھی۔‘
فاطوماتا کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کا نام ’ایسپوے‘ رکھا گیا ہے جس کا فرانسیسی زبان میں مطلب ’امید‘ ہے۔ قصبے کے لوگ فاطوماتا اور ان کے شوہر کو بچے کی پیدائش پر مبارک باد دے رہے ہیں۔

شیئر: