Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'دھمکیاں دیں یا رونا دھونا کریں، احتساب نہیں رکے گا'

عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اداروں کو اختیار دیا ہے کہ وہ ہر کسی پر ہاتھ ڈال سکتے ہیں۔ فوٹو بشکریہ پی ٹی وی
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چاہے دھمکیاں دیں یا رونا دھونا کریں احتساب نہیں رکے گا بلکہ مزید تیز ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جس نے بھی میرے وطن کو لوٹا اس کو جواب دینا پڑے گا۔اپوزیشن جو کرنا چاہتی ہے کر لے، بائیس سال سے انتظار کر رہا ہوں۔‘ 
جمعے کو میانوالی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی کے خلاف مقدمے نہیں بنائے بلکہ اداروں کو اختیار دیا ہے کہ وہ ہر کسی پر ہاتھ ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے صدر شی چنگ پنگ نے کرپشن پر ساڑھے چار سو وزرا کو جیلوں میں ڈالا ہوا ہے اسی وجہ سے چین ترقی کر رہا ہے۔ ’ہم بھی ایسا ہی کریں گے جس نے بھی چوری کی اسے سزا بھگتنا ہوگی۔‘
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 60 سال میں چھ ہزار ارب کا قرضہ لیا گیا لیکن گزرے 10 سالوں میں یہ قرضہ چوبیس ہزار ارب تک پہنچا حالانکہ کوئی ایسی ترقی بھی نظر نہیں آتی۔ ’سب پیسہ ہنڈی حوالے سے باہر بھجوایا گیا پھر ٹی ٹیز کے ذریعے واپس منگوایا گیا۔‘
انہوں نے مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت اسی وجہ سے خراب ہے کہ قرضوں کا سود دینے کے لیے قرضے لینا پڑ رہے ہیں جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت بڑھتی ہے جو مہنگائی میں اضافے کی وجہ ہے۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ اس وقت ہم ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں، عوام تھوڑا انتظار کریں، سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام سے کیے تمام وعدے پوری کرے گی۔
عمران خان نے نمل نیورسٹی کے قریب ہسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو پاکستانی نژاد برطانوی صنعت کار انیل مسرت کی جانب سے بنوایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انیل مسرت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی اردو بلاول بھٹو سے بہتر ہے
عمران خان کا کہنا تھا کہ نمل یونیورسٹی بننے کے بعد اس علاقے میں ہسپتال کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔

شیئر: