Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام کی انتظامیہ نے غلاف کعبہ 3میٹر اوپر اٹھا دیا، کیوں؟

مسجد الحرام کی انتظامیہ نے غلاف کعبہ کا نچلا حصہ 3میٹر اوپر اٹھا دیا ۔ اسکی جگہ چاروں طرف سے 2میٹر چوڑا کاٹن کا سفید کپڑا لٹکا دیا گیا۔حج موسم ختم ہونے پرغلاف بحال کر دیا جائےگا۔
سبق نیوز کے مطابق غلاف کعبہ رمضان المبارک اور حج ایام میں اوپر اٹھایا جاتا ہے۔سال میں 2مرتبہ ایسا کیوں کیا جاتا ہے ۔ حرم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہزاروں زائرین اور عازمین اس سوچ کے ساتھ مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں کہ انہیں کسی نہ کسی شکل میں غلاف کعبہ کا ٹکڑا اپنے ہمراہ لے کر جانا ہے ۔اس کےلئے وہ جائز ناجائز کی پرواہ نہیں کرتے ۔اس طرح کی سوچ رکھنے والے طواف کے دوران اپنے ہمراہ بلیڈ اور قینچیاں لے آتے ہیں جوں ہی انہیں موقع ملتا ہے وہ غلاف کعبہ کا کچھ حصہ کتر کر محفوظ کر لےتے ہیں ۔کبھی کبھی یہ کام گروپ کی شکل میں بھی انجام دیا جاتا ہے ۔
حج ایام اور رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام میں غیر معمولی رش ہوتا ہے اس کا بھی فائدہ اٹھایا جاتا ہے ۔غلاف کعبہ کو اوپر اٹھانے کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ اسے اس قسم کے غیر دینی اور غیر علمی سوچ رکھنے والوں کی کارروائی سے بچایا جائے۔
غلاف کعبہ کو اوپر اٹھانے کا دوسرا بڑا سبب اسے صاف رکھنے سے ہے ۔ بہت سارے زائرین عقیدت میں غلاف کعبہ چومتے اور اس سے لپٹ جاتے ہیں اس سے غلاف کعبہ میلا ہو جاتا ہے ۔ 
غلاف کعبہ کو اوپر اٹھانے کا تیسرا بڑا سبب یہ ہے کہ کئی زائر ایسے ہوتے ہیں جو عقیدت میں غلاف کعبہ پکڑ کر لٹک جاتے ہیں ۔اس سے ایک طرف تو غلاف متاثر ہوتا ہے۔دوسری جانب زائرین کو بھی نقصان پہنچنے کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے ۔اس سے بچانے کےلئے غلاف کعبہ اوپر اٹھا دیا جاتا ہے ۔
مسجد الحرام انتظامیہ کے سربراہ کے سیکریٹری اور غلاف کعبہ کمپلیکس کے ڈائریکٹر جنرل احمد المنصوری نے بتایا کہ امسال غلاف کعبہ 3میٹر اوپر اٹھانے کی کارروائی میں 50افراد نے حصہ لیا ۔حج موسم ختم ہوتے ہی غلاف جیسا کہ پہلے اوپر سے نیچے تک خانہ کعبہ پر پڑا ہوا تھا اسے ویسا ہی کر دیا جائے گا ۔ 
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے غلاف کعبہ اوپر اٹھانے کی ویڈیو بھی جاری کر دی ۔ نیا غلاف 9ذی الحجہ کو وقوف عرفہ کے روز تبدیل کیا جائے گا۔

شیئر: