Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہریوں کے نام پر کاروبار، خلاف ورزیوں پر 5 ملین ریال کے جرمانے

وزارت تجارت نے 2017 میں انسداد تجارتی پردہ پوشی، پروگرام لانچ کیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے قومی پروگرام انسداد تجارتی پردہ پوشی کے تحت رواں برس کی پہلی ششماہی میں مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 5 ملین ریال کے قریب جرمانے کیے گئے۔
العربیہ کے مطابق تجارتی پردہ پوشی کے خاتمے کے لیے وزارت تجارت نے 2017 میں ’انسداد تجارتی پردہ پوشی‘ کے عنوان سے پروگرام لانچ کیا تھا جس کا مقصد غیرقانونی طریقے سے مملکت میں تجارتی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا تھا۔
 قومی پروگرام کے تحت مملکت کے تمام علاقوں میں ذیلی ادارے قائم کیے گئے تاکہ وہ اپنے علاقوں کی مارکیٹوں کا جائزہ لیں۔
وزراتِ تجارت کا کہنا تھا رواں برس کی پہلی ششماہی کے دوران مملکت کے مختلف علاقوں میں قائم قومی مرکز کی ٹیموں نے 14 ہزار 507 تفتیشی دورے کیے جن کے تحت تجارتی پردہ پوشی کے 412 مشتبہ کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
علاوہ ازیں 171 مختلف نوعیت کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن میں اقامہ و لیبر قوانین پر عمل نہ کرنا اور ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت فراہم نہ کرنا شامل تھا۔
وزارت نے واضح کیا  گزشتہ عرصہ میں جن شعبوں میں تفتیشی کارروائیاں کی گئیں ان میں سپر سٹورز، بجلی اور الیکٹرانک مصنوعات کی مارکیٹیں، ریستوران، سینیٹری سامان فروخت کرنے والی دکانیں، باربرشاپس، کریانہ سٹورز، ریڈی میٹ گارمنٹس اور بکس فروخت کرنے والی دکانیں شامل تھیں۔
تفتیشی ٹیموں نے 288 کیسز کو متعلقہ تحقیقاتی کمیٹی کے حوالے کردیا جہاں سے کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو منتقل کیا جائے گا تاکہ حتمی فیصلہ صادر کیا جائے۔
علاوہ ازیں وزارت کا کہنا تھا کہ  14 افراد جن میں سعودی شہری اورغیرملکی شامل تھے ان کے خلاف تجارتی پردہ پوشی کے حوالے سے عدالتی فیصلے صادر کرتے ہوئے ان کے جرائم کی تشھیر کی گئی اور مقررہ جرمانے و سزاؤں کا اطلاق بھی کیا گیا۔  

 

شیئر: