Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر کے سرکاری دفتر میں خفیہ تہ خانے اور سرنگ کا انکشاف، تحقیقات کا حکم

فرش کو کھود کر 6 فٹ لمبی سرنگ نما راہداری بھی بنائی گئی ہے۔ (فوٹو: عکاظ)
مصر کی کمشنری قنا کے ایک سرکاری دفتر میں خفیہ تہ خانے اور سرنگ کے انکشاف نے لوگوں کو حیران کردیا۔ ادارہ پراسیکیوشن نے عجیب وغریب واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وسیع بنیاد پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
عکاظ کے مطابق مصر کی کمشنری قنا میں ادارہ صحت کے ایک دفتر میں معمول کی چیکنگ ٹیم کے دورے کے دوران ایک کمرے میں موجود کھدائی میں استعمال ہونے والا سامان اور غیرمعمولی اشیا پائی گئی۔
تفتیشی ٹیم نے ان اشیا کے بارے میں ادارے کے ذمہ داران سے استفسار کیا توکسی نے تسلی بخش جواب نہ دیا جس پر کمرے کا تفصیلی معائنہ کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ کمرے کے فرش کو کھود کر وہاں ایک 6 فٹ لمبی سرنگ نما راہداری بھی بنائی گئی ہے۔
ابتدائی تفیشی ٹیم کا گمان ہے کہ کمرے میں کی جانے والی کارروائی آثار قدیمہ کی تلاش کے لیے کی گئی ہوگی۔
کھدائی کرنے والوں نے فرش پر 5 فٹ گہرا شگاف کیا جو 6 فٹ سے زیادہ (سرنگ نما) طویل تھا۔
بنائی جانے والی سرنگ میں لکڑی کی سیڑھی کے علاوہ کھدائی میں استعمال ہونے والا سامان بھی رکھا گیا تھاجسے دیکھ کرایسا لگتا تھا کہ جو لوگ بھی اس عمل کے ذمہ دار ہیں وہ یہاں مختلف اوقات میں کام کرتے رہے ہیں۔
پراسیکیوشن کے ادارے نے واقعے کی تحقیقات کےلیے متعلقہ کمیٹی کو ہدایت کرتے ہوئے انہیں اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ جلد از جلد اس کی مکمل رپورٹ پیش کریں۔  

 

شیئر: