سعودی عرب 2026 میں گیتوں کے انٹروژن مقابلے کی میزبانی کرے گا
سعودی عرب 2026 میں گیتوں کے انٹروژن مقابلے کی میزبانی کرے گا
پیر 22 ستمبر 2025 5:16
سعودی عرب سمیت 20 ممالک نے ماسکو میں پہلے ایڈیشن میں حصہ لیا (فوٹو ایکس اکاونٹ انٹروژن)
سعودی عرب، گیتوں کے ’انٹروژن‘ مقابلے کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا جس کا افتتاح اتوار کو روس کے شہر ماسکو میں ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس بات کا اعلان ’انٹروژن‘ کے منتظمین نے کیا ہے۔ ’انٹروژن‘ دراصل یورپ میں اسی طرح کے گیتوں کے مقابلے کے پروگرام ’یورو وژن‘ کا جواب ہے۔
سعودی عرب سمیت 20 سے زیادہ ممالک کے فنکاروں نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والے افتتاحی ایڈیشن کے مقابلوں میں حصہ لیا جس میں ویت نام کے گلوکار نے کامیابی سمیٹی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی میوزک کمیشن کے زیرِ اہتمام اس مقابلے میں شریک ہونے والے مملکت کے وفد میں سعودی گلوکارہ اور گیت نگار زینۃ عِماد توجہ کا مرکز رہیں جنھوں نے ’جسٹ اے کنسرن‘ گیت گایا جس کے لیے خصوصی طور پر ان سے فرمائش کی گئی تھی۔
زینۃ عماد نے ’انٹروژن آن لائن سائٹ ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں اِس احساس کو آواز دینا چاہتی تھی جو کچھ یوں ہے کہ ’مجھے آپ کی فکر ہے‘۔عماد کے مطابق ان کے لیے یہ انتہائی ذاتی نوعیت کے گیتوں میں سے ایک ہے جسے وہ اکثر گاتی ہیں۔
سعودی گلوکارہ اور گیت نگار زینۃ عِماد توجہ کا مرکز رہیں (فوٹو ایکس اکاونٹ انٹروژن)
سعودی عرب میں اگلے برس ہونے والے گیتوں کے مقابلے میں ریکارڈ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس ایونٹ میں جدت سے بھرپور پرفارمنس ہوں گی جو سعودی ثقافت اور میراث کے ساتھ ساتھ تخلیقی پہلوؤں کو بھی لوگوں کے سامنے لائیں گی۔
ایس پی اے کے مطابق ’یہ مقابلہ فنکارانہ تنوع کے لیے عالمی سٹیج کا کام کرے گا جو موسیقی کی لائیو پرفارمنسز کے ذریعے دنیا کی اقوام کو ایک جگہ جمع کر دے گا جن میں تخلیق اور ثقافتی تبادلے کی اہمیت نمایاں ہو گی۔‘
انٹروژن 2025 مقابلہ کئی افراد کے نزدیک، سویت زمانے کے ان مقابلوں کی یاد تازہ کرے گا جو 1965 سے 1968 کے درمیان چیکوسلاواکیہ اور 1977 سے 1980کے درمیان پولینڈ میں ہوئے تھے۔
اگلے برس گیتوں کے مقابلے میں ریکارڈ افراد کی شرکت متوقع ہے (فوٹو ایکس اکاونٹ انٹروژن)
سنیچر کو ماسکو میں ہونے والے مقابلے کے دوران روسی صدر ولادیمر پوتن نے ایک ویڈیو پیغام میں شرکا سے گفتگو کی اور اس مقابلے کے بنیادی موضوع ’مختلف ثقافتیں اور روایتی اقدار کا احترام‘ کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا ’آج انٹروژن پھر سے زندہ ہو رہا ہے لیکن یہ آج بھی اپنی روایت سے وفادار ہے۔‘
انٹروژن 2025 مقابلے کے شرکا کا تعلق بیلاروس، برازیل، چین، کولمبیا، کیوبا، مصر، ایتھوپیا، انڈیا، کینیا، قرگستان، مڈغاسکر، قطر، روس، سعودی عرب، سربیا، جنوبی افریقہ، تاجکستان، متحدہ عرب امارات، ازبکستان، وینزویلا اور ویت نام سے تھا۔
امریکہ نے بھی اس مقابلے میں حصہ لینا تھا لیکن آسٹریلیا میں پیدا ہونے والی امریکی گلوکارہ کے سٹیج پر آنے سے صرف چند لمحے پہلے، شو کے پریزنٹر نے اعلان کیا کہ آسٹریلیا کی حکومت کی جانب سے ’سیاسی دباؤ‘ کی وجہ سے وہ گیت نہیں گائیں گی۔
اسی طرح امریکہ سے تعلق رکھنے والے گلوکار اور گیت نگار برینڈن ہاؤرڈ بھی مقابلے سے تین دن پہلے ’نامعلوم خاندانی حالات‘ کی بنیاد پر مقابلے سے دستبردار ہوگئے تھے۔